بھارت میں پاکستان کا مؤثر مقدمہ پیش کرنے پر مصدق ملک کو خراجِ تحسین،اسمبلی میں قرارداد منظور

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں ممبراسمبلی محمد عامر شاہ کی جانب سے قرارداد پیش کی گئی جو متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ قانون ساز اسمبلی آزاد جموں و کشمیر کا یہ اجلاس وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ ڈاکٹر مصدق ملک کونئی دلی میں منعقدہ حالیہ شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے تہذیبی مکالمہ فورم  میں پاکستان کی جانب سے باوقار نمائندگی کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہے۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے انتہائی کشیدہ ماحول میں تحمل، بردباری، وقار اور دانشمندی کا مظاہرہ کیا اور کسی اشتعال انگیزی کا جواب نہیں دیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں ٹیکسلا، گندھارا، ہڑپہ اور موہنجو داڑو کا ذکر کر کے دنیا کو یہ یاد دلایا کہ پاکستان کی تہذیب ہزاروں سال پرانی ہے اور یہ امن، ثقافت، علم اور تہذیب کی سرزمین ہے۔

یہ بھی پڑھیں :بھارت میں پاکستان کی بھرپور نمائندگی ،وزیراعظم کا مصدق ملک کو خراج تحسین 

انہوں نے بھارت پر یہ واضح کیا کہ دہشت گردی جیسے حساس معاملات پر الزام تراشی کے بجائے ثبوت اور شواہد کی بنیاد پر مذاکرات کیئے جائیں۔

 معزز ایوان کی رائے میں ڈاکٹر مصدق ملک نے بھارت میں اپنی شائستہ، مدلل گفتگو اور تہذیبی حوالوں سے پاکستان کا Soft Image پوری دنیا کے سامنے اجاگر کیا اور ثابت کیا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے، جو تہذیبوں کے تصادم پر نہیں بلکہ تہذیبوں کے مکالمے پر یقین رکھتا ہے۔

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے قرارداد پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ جس انداز میں مصدق ملک نے ہندوستانی میڈیا کو جواب دیا وہ قابل فخر ہے۔ ہندوستانی میڈیا کی جانب سے ان سے کیے گئے سوالات ہندوستان کی سوچ کی عکاسی کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں اسمبلی اجلاس:مسلح گروہ ختم ،سنگین جرائم میں ملوث افراد قانون کے سپرد کئے جائیں،قرارداد منظور

 انہوں نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ایسے اہل اور باصلاحیت افراد کو بیرون ملک بھیجا جائے جو پاکستان کا مؤثر مؤقف پیش کر سکییں ،ہماری ذمہ داری ہے کہ اپنی ثقافت اور مثبت تشخص کو اجاگر کرتے ہوئے پاکستان مخالف تاثر کا مؤثر جواب دیں، کیونکہ مضبوط پاکستان ہی مسئلہ کشمیر کے حل اور کشمیری عوام کے مستقبل کا ضامن ہے۔

رکن اسمبلی میاں عبدالوحید نے قرارداد پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ یہ قومی نوعیت کا اہم معاملہ ہے۔ ڈاکٹر مصدق ملک کی گفتگو مؤثر، مدلل اور حقائق پر مبنی تھی۔

انہوں نے جذبات کے بجائے دلائل کے ذریعے پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔ ان کی توانا آواز اور شنگھائی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم پر پیش کیے گئے مؤقف کو سراہا جانا چاہیے۔