مظفرآباد ( کشمیر ڈیجیٹل) ممبر اسمبلی چوہدری ذیشان علی نے کہا ہے کہ 1947ء کے مہاجرین کو الاٹ کی جانے والی اراضی کے مالکانہ حقوق تاحال فراہم نہ ہونا ان کے ساتھ ناانصافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چار سو سے زائد خاندان مقررہ رقم کی ادائیگی کے باوجود اپنی الاٹ شدہ اراضی کے مالکانہ حقوق سے محروم ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:اصلی وجعلی ادویات کی اب ہوگی فوری پہچان، وزیراعظم نے موبائل ایپ کا افتتاح کردیا
حکومت آزاد کشمیر اس اہم مسئلے کے حل کیلئے حکومت پاکستان کے ساتھ مؤثر رابطہ قائم کرتے ہوئے مہاجرین کو ان کا بنیادی حق دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے یہ مطالبہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں قرارداد پیش کرتے ہوئے کیا۔
چوہدری ذیشان علی نے کہا کہ 1947ء کے مہاجرین اور ان کی آبادکاری کا معاملہ ایک اہم انسانی اور قانونی مسئلہ ہے، جس کے حل میں مزید تاخیر متاثرہ خاندانوں کیلئے مشکلات کا باعث بن رہی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:چیئرمین ضلع کونسل باغ کے ضمنی انتخاب میں اپ سیٹ، پیپلزپارٹی کا امیدوار کامیاب
ان کا کہنا تھا کہ مہاجرین کے نمائندے پاکستان کے مختلف شہروں سے ان کی نمائندگی کر رہے ہیں، لہٰذا ان کے مسائل کو متعلقہ فورمز پر مؤثر انداز میں اٹھانے اور حل کرنے کی ضرورت ہے۔
ذیشان علی نے قانون ساز اسمبلی پر زور دیا کہ حکومت پاکستان کے ساتھ مربوط اور نتیجہ خیز رابطہ کاری کے ذریعے مہاجرین کو الاٹ شدہ اراضی کے حقِ ملکیت کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں، تاکہ چار سو سے زائد متاثرہ خاندانوں کو ان کا قانونی حق مل سکے۔




