مظفر آباد (کشمیر ڈیجیٹل) محکمہ ترقی نسواں آزاد کشمیر کے زیر اہتمام صنفی بنیاد پر تشدد کے خلاف 16 روزہ آگاہی مہم کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس کی مہمان خصوصی ممبر قانون ساز اسمبلی نورین عارف تھیں۔
تقریب میں ممبران اسمبلی مریم جاوید، سحرش قمر، سابق ممبر اسمبلی محترمہ نثارہ عباسی، صدر ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری آزاد کشمیر محترمہ سدرہ آزاد، گورننگ باڈی کی ممبر طیبہ بخاری، محکمہ ترقی نسواں کے افسران، سماجی تنظیموں کے نمائندگان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری آزاد کشمیر سدرہ آزاد نے خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے ساتھ کاروباری اور پیشہ ورانہ شعبوں میں صنفی امتیاز اور ہراسانی کی روک تھام کو بھی ناگزیر قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کو نہ صرف سماجی زندگی بلکہ کاروباری سرگرمیوں میں بھی محفوظ، باعزت اور مساوی مواقع فراہم کئے جائیں۔ خواتین کاروباری افراد کو ہراسانی، امتیازی رویوں اور معاشی رکاوٹوں سے تحفظ دینے کیلئے مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔
اس مقصد کیلئےحکومت، سرکاری محکموں، چیمبرز آف کامرس، کاروباری اداروں اور سماجی تنظیموں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان مربوط تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔
مہمان خصوصی نورین عارف اور دیگر مقررین نے کہا کہ خواتین کے وقار، تحفظ اور خودمختاری کیلئے معاشرتی رویوں میں مثبت تبدیلی اور اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔
انہوں نے خواتین کو تشدد اور امتیازی سلوک سے پاک ماحول فراہم کرنے اور ان کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادے کی ضرورت پر زور دیا۔
تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ خواتین کے خلاف تشدد، ہراسانی اور امتیازی سلوک کے خاتمے اور ایک محفوظ، باوقار اور مساوی معاشرے کی تشکیل کیلئے تمام متعلقہ ادارے اپنا مؤثر کردار ادا کریں گے۔




