صدر،وزیراعظم کی ذیشان علی کے خلائی سفر پر قوم کو مبارکباد

اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی کے خلائی سفر پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اوروزیراعظم شہباز شریف نے پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے ملک کی تاریخ کا قابلِ فخر اور یادگار لمحہ قرار دیا ہے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے چین کے شینزو 24 خلائی مشن کے ذریعے تیانگونگ خلائی اسٹیشن تک پاکستان کی تاریخی شمولیت پر قوم کو مبارکباد دی۔

یہ بھی پڑھیں :پاکستان کیلئے تاریخی اور قابل فخر لمحہ،پہلے خلاباز ذیشان علی کے سفر روانگی میں چند گھنٹے باقی

 پیغام میں صدرِ مملکت نے اس مشن کو پاکستان کے سائنسی سفر میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پیش رفت سائنس، تحقیق اور تکنیکی ترقی کے لیے پاکستان کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

 وزیراعظم شہباز شریف نے بھی پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کی تیانگونگ خلائی اسٹیشن کے لیے روانگی پر پوری قوم کو مبارکباد دی۔

یہ بھی پڑھیں :پاکستان کا پہلا خلاباز خلا میں جانے کو تیار، چین کے خلائی مشن سے نئی تاریخ رقم ہوگی

وزیراعظم نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ پاکستان ستاروں سے آگے کا سفر شروع کر چکا ہے، یہ محض ایک خلا باز کا سفر نہیں بلکہ چوبیس کروڑ پاکستانیوں، نوجوان نسل، سائنس دانوں اور ان کے خوابوں کا سفر ہے۔

وزیراعظم اور صدرِ مملکت نے اس تاریخی پیش رفت کو پاکستان کے لیے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے سائنسی اور تکنیکی میدان میں مزید ترقی کی امید ظاہر کی ہے۔