مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)چھ سال سے تعطل کا شکار سی ایم ایچ چوک فلائی اوور منصوبہ مکمل ہوگیا۔
طویل انتظار، شہریوں کی مشکلات اور ٹریفک جام کے عذاب کے بعد اب وہ گھڑی آن پہنچی ہے جب مظفرآباد کے شہریوں کا ایک دیرینہ خواب حقیقت کا روپ دھارنے جا رہا ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کل بروز بدھ اس اہم عوامی منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔دارالحکومت مظفرآباد کے عین وسط میں واقع سی ایم ایچ چوک فلائی اوور گزشتہ چھ سال سے زیر التوا تھا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:چیئرمین ضلع کونسل باغ:جاوید خلیل عباسی ن لیگ، سردار طارق مسعود پیپلزپارٹی کےامیدوار نامزد
وزیراعظم افتخار گیلانی نے منصب سنبھالتے ہی اس دیرینہ عوامی مسئلے کا سخت نوٹس لیا اور متعلقہ محکمہ کو ہر صورت 45 روز میں منصوبہ مکمل کرنے کی ہدایت کی اور خود مسلسل منصوبے کی نگرانی کی۔
اس دوران شہری روزانہ ٹریفک کے شدید دباؤ اور سفری مشکلات سے دوچار رہے۔ متعدد بار موقع پر جا کر تعمیراتی کام کا جائزہ لیتے رہے۔دو روزہ قبل بھی وزیراعظم نے منصوبے کا دورہ کیا۔
وزیراعظم نے جاری کام کا معائنہ کیا اور محکمانہ حکام سے پیش رفت اور باقی ماندہ کام کے حوالے سے بریفنگ لی۔
سی ایم ایچ چوک فلائی اوور کا افتتاح مظفرآباد کے شہریوں کیلئے محض ترقیاتی منصوبے کی تکمیل نہیں بلکہ چھ سالہ انتظار اور روزانہ کی سفری مشکلات سے نجات کی امید بھی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وادی نیلم: بچوں سےملنے کی تڑپ : بارہمولہ کا رہائشی دریائے نیلم عبور کرتے ہوئے جاں بحق
اس منصوبے سے دارالحکومت میں ٹریفک کی روانی بہتر ہونے، شہریوں کے قیمتی وقت کی بچت اور آمدورفت میں آسانی پیدا ہونے کی توقع ہے۔
وزیراعظم افتخار گیلانی کی جانب سے اس منصوبے کی تکمیل کے لیے ذاتی دلچسپی، مسلسل نگرانی کر کے کام مکمل کرانے کے اقدامات کو شہری حلقوں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے ۔
سوشل میڈیا پر بھی وزیر اعظم کی بھرپور تعریف کی جارہی ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر کی سربراہی میں مسلم لیگ ن حکومت نے اپنے سو روزہ پلان میں بھی ترقیاتی منصوبوں کے اہداف، ٹائم لائن، معیار اور رفتار کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی مانیٹرنگ میکنزم مرتب کیا گیا ہے۔




