نوشہرہ، شادی تقریب میں فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق، 2 راہ گیر شدید زخمی

نوشہرہ : تحصیل پبی کے علاقے شاہ کوٹ پایان میں شادی کی تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ سے منع کرنے پر دو فریقین کے درمیان ہونے والا تنازع خونی تصادم میں تبدیل ہوگیا، فائرنگ کے نتیجے میں باپ بیٹے سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ 2 راہ گیر شدید زخمی ہوگئے۔ 

 تھانہ جلوزئی کی حدود شاہ کوٹ پایان میں شادی کی تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ کرنے سے روکنے پر حضرت حسین اور شاہد ولد خوشحال گروپ کے درمیان تلخ کلامی شروع ہوگئی جو دیکھتے ہی دیکھتے فائرنگ کے تبادلے میں تبدیل ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں:بی آئی ایس پی میں غیر شادی شدہ مستحق خواتین کو شامل کرنے کا فیصلہ

فائرنگ کے نتیجے میں دونوں فریقین کے تین افراد گولیاں لگنے سے موقع پر ہی جا ن کی بازی ہار گئے ۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک فریق کے 20 سالہ حضرت حسین ولد محمد عامر جبکہ دوسرے فریق کے 45 سالہ شاہد ولد خوشحال اور ان کا 25 سالہ بیٹا سنگین ولد شاہد شامل ہیں، جن کا تعلق شاہ کوٹ پایان سے تھا۔

واقعے کے دوران فائرنگ کی زد میں آکر دو راہ گیر شاہ روز ولد قادر شاہ اور ماجد نواز ولد نور نواز بھی شدید زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کیلئےہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:شادی کا جھانسہ: برطانوی خاتون کو بلیک میل کرنیوالا کالعدم ایکشن کمیٹی کا کارندہ گرفتار

واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ شادی کی خوشیاں ماتم میں تبدیل ہوگئیں۔