اسلام آباد ہائی کورٹ نے انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی میں آوارہ کتے کے کاٹنے سے آزادکشمیر دھیرکوٹ سے تعلق رکھنے والے طالب علم سفیان عباسی کی ہلاکت کے واقعہ کے بعد وفاقی دارالحکومت میں آوارہ کتوں کے خاتمے کے لیے کارروائی شروع کرنے سے متعلق دائر درخواست پر چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد کو درخواست پر فیصلہ کرنے کی ہدایت کردی۔
انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی میں شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے پانچویں سمسٹر کے طالب علم سفیان عباسی کو 10 اور 11 اکتوبر کی درمیانی شب ہاسٹل کے سامنے آوارہ کتے نے کاٹا تھا۔
درخواست کے مطابق طالب علم میں 15 نومبر کو ریبیز وائرس کی تشخیص ہوئی اور وہ 17 نومبر کو وفات پا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:دھیرکوٹ سے تعلق رکھنے والا 4بہنوں کا اکلوتا بھائی اسلامی یونیورسٹی میں آوارہ کتے کے کاٹنے سے جاں بحق
اس واقعہ کے بعد درخواست گزار سجاد بلوچ ایڈووکیٹ نے ذاتی حیثیت میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس پر آج جسٹس ایاز شوکت نے سماعت کی۔
دوران سماعت وکیل سجاد بلوچ نے مؤقف اختیار کیا کہ انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی میں ایک طالب علم کی آوارہ کتے کے کاٹنے سے موت ہوئی ہے جبکہ پاکستان نے ورلڈ آرگنائزیشن فار اینیمل ہیلتھ کے ساتھ معاہدے پر دستخط کر رکھے ہیں جو آوارہ کتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے کام کرتی ہے۔
وکیل نے استدعا کی کہ وفاقی دارالحکومت سے آوارہ کتوں کے خاتمے کے لیے کارروائی کا حکم دیا جائے۔
جسٹس ایاز شوکت نے درخواست گزار کا موقف سننے کے بعد ریمارکس دئیے کہ وہ اس معاملے پر ہدایات جاری کردیتے ہیں تاکہ اس کا جلد سدباب ہوسکے۔
عدالت نے درخواست چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد کو بھجواتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ اس پر فیصلہ کریں۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے اسلام آباد کے شہری آوارہ کتوں کی بڑھتی تعداد کے باعث مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، شہر کی سڑکوں، پارکوں اور گلیوں میں آوارہ کتوں کی موجودگی سے بالخصوص اسکول جانے والے بچوں، بزرگوں اور پیدل چلنے والوں کو خطرات لاحق ہیں۔
درخواست گزار کے مطابق کتوں کے کاٹنے اور حملوں کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں جبکہ وفاقی دارالحکومت کے سرکاری اسپتالوں میں اینٹی ریبیز ویکسین کی قلت نے صورتحال مزید تشویش ناک بنا دی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ آوارہ کتوں کی وجہ سے شہریوں کو صحت عامہ کے خطرات خصوصاً ریبیز کا سامنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ایڈہاک ایکٹ معطلی، ہائیکورٹ میں کیس 19نومبر کو سماعت کیلئے مقرر
درخواست میں انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کے پانچویں سمسٹر کے آئی ٹی طالب علم سفیان عباسی کے ساتھ پیش آئے واقعہ کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ حکام آوارہ کتوں کی روک تھام کے لیے مؤثر پالیسی نافذ کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بزرگ شہری سڑکوں اور گردونواح میں آوارہ کتوں کی موجودگی کے باعث محفوظ طریقے سے مساجد میں نماز کی ادائیگی کے لیے نہیں جا سکتے جو ان کی نقل و حرکت اور مذہبی آزادی کو متاثر کر رہا ہے۔
درخواست میں وفاقی حکومت، وزارت قومی صحت، کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)، چیف کمشنر اسلام آباد، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ متعلقہ حکام کو 10 روز کے اندر رہائشی علاقوں، سڑکوں، پارکوں اور کھیل کے میدانوں سے آوارہ کتوں کو ہٹانے اور قانون کے مطابق انہیں مقررہ پناہ گاہوں میں منتقل کرنے کا حکم دیا جائے۔
درخواست میں عدالت سے یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ آوارہ کتوں کی روک تھام اور انتظام کے لیے جامع اور پائیدار پالیسی تشکیل دینے اور اس پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی جائے۔
انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے طالبعلم نے سفیان عباسی کے ساتھ پیش آئے واقعہ پر گزشتہ روز احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں شرکا نے واقعہ کی شفاف تحقیقات، ذمہ داروں کا تعین اور یونیورسٹی میں آوارہ کتوں کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین کا مؤقف تھا کہ کیمپس بالخصوص ہاسٹلز کے اطراف آوارہ کتوں کی موجودگی طویل عرصے سے طلبہ کے لیے خطرہ بنی ہوئی تھی اور انتظامیہ کو اس مسئلے سے بارہا آگاہ کیا گیا تھا لیکن مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے۔
احتجاج کے دوران طلبہ نے سفیان عباسی کی ہلاکت پر انصاف ملنے تک جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ مظاہرین نے ملک بھر کی جامعات میں طلبہ یونینز کی بحالی کا مطالبہ بھی کیا اور اس مقصد کے لیے ملک گیر تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا۔
یونیورسٹی انتظامیہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں سفیان عباسی کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ اکتوبر میں ایک آوارہ کتے نے یونیورسٹی کی ایمبولینس کے ڈرائیور اور سفیان عباسی کو کاٹا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:اسلام آبادہائیکورٹ:بلدیاتی الیکشن کا نوٹیفکیشن معطل ،حکم امتناعی جاری
دونوں کا علاج ہوا، ڈرائیور صحت یاب ہوگیا جبکہ سفیان بھی ابتدائی طور پر صحت یاب ہوگیا تھا تاہم نومبر میں اس کی طبیعت دوبارہ خراب ہوئی اور وہ انتقال کر گیا۔
یونیورسٹی کے مطابق آوارہ کتے ملحقہ سبز علاقوں سے کیمپس میں داخل ہوتے ہیں۔ انتظامیہ نے کہا کہ وہ متعلقہ حکام کے ساتھ رابطہ مزید مؤثر بنائے گی اور طلبہ میں احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی مہم بھی شروع کرے گی۔




