پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انجری کے باعث نوجوان فاسٹ بولر ثاقب خان کو سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں مزید بولنگ سے روک دیا ہے۔
ثاقب خان گزشتہ روز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز سری لنکا کی دوسری اننگز میں اپنے دوسرے اوور کی دوسری گیند پر اوپنر لاہیرو اوڈارا کو آؤٹ کرنے کے بعد انجری کا شکار ہو کر میدان سے باہر چلے گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی اسٹیڈیم کے دروازے مفت کھل گئےشائقین کرکٹ کیلئے بڑی خوشخبری
انہوں نے اس اننگز میں صرف 1.2 اوورز بولنگ کی اور 6 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ ان کا باقی اوور رضااللہ نے مکمل کیا۔
پی سی بی کے مطابق ثاقب خان کو ہیمسٹرنگ انجری ہوئی ہے اور میڈیکل ٹیم ان کا علاج کر رہی ہے۔
ہیمسٹرنگ ران کے پچھلے حصے میں موجود 3 پٹھوں کے مجموعے کو کہتے ہیں جو ٹانگ کو موڑنے اور دوڑنے میں مدد دیتے ہیں۔ ان پٹھوں میں کھنچاؤ یا چوٹ کو ہیمسٹرنگ انجری کہتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ثاقب خان ضرورت پڑنے پر سری لنکا کے خلاف دوسری اننگز میں بیٹنگ کے لیے دستیاب ہوں گے۔
ثاقب خان نے اس سے قبل سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 130 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کی تھیں اور انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔
دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے پہلی اننگز میں 325 رنز بنائے تھے جبکہ سری لنکا کی ٹیم پہلی اننگز میں 98 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔
کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 74 رنز بنائے تھے اور اسے پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 153 رنز درکار تھے۔
یہ بھی پڑھیں: آل آزادکشمیر بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کا تاج اسلام گڑھ کے سر! فائنل میں بڑا اپ سیٹ
دوسری جانب پی سی بی نے فاسٹ بولر علی شبیر کو ٹیسٹ اسکواڈ سے ریلیز کرکے قائداعظم ٹرافی کے آئندہ 2 راؤنڈز میں شرکت کی ہدایت کی ہے۔ وہ ٹورنامنٹ میں بہاولپور ریجن کی نمائندگی کریں گے۔
پی سی بی کے مطابق سلیکٹرز چاہتے ہیں کہ علی شبیر کو ریڈ بال کرکٹ کا زیادہ سے زیادہ تجربہ حاصل ہو۔ یاد رہے کہ بہاولپور ریجن کی ٹیم 21 سے 24 نومبر تک لاہور بلیوز کے خلاف میچ کھیلے گی۔




