راولپنڈی:خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے کی جانے والی متعدد کارروائیوں کے دوران 22 دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائیاں جنوبی وزیرستان، بنوں اور ٹانک میں انجام دی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں:راولاکوٹ، کالعدم ایکشن کمیٹی کی پھر دہشتگردی،فائرنگ سے پاکستان رینجرز کے آفیسر شہید
ترجمان پاک فوج کے مطابق، ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سب سے بڑی کارروائی ضلع جنوبی وزیرستان میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، جہاں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 15 دہشت گرد مارے گئے۔
اسی طرح ضلع بنوں میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان دو الگ الگ جھڑپوں کے دوران 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ ضلع ٹانک میں ہونے والی ایک اور جھڑپ میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے تمام دہشت گرد علاقے میں سکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
یہ بھی پڑھیں:دالبندین ایئرپورٹ پر حملے کا منصوبہ ناکام، فورسز کی بروقت کارروائی، دہشتگرد جہنم واصل
کارروائیوں کے بعد متاثرہ علاقوں میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں پوری رفتار کے ساتھ جاری رہیں گی اور قومی ایکشن پلان کے تحت وژن عزم استحکام کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف یہ مہم منطقی انجام تک پہنچائی جائے گی۔




