ایڈہاک ایکٹ معطلی، ہائیکورٹ میں کیس 19نومبر کو سماعت کیلئے مقرر

مظفر آباد(کشمیر ڈیجیٹل) آزاد کشمیر ہائی کورٹ میں ایڈہاک ایکٹ کیخلاف دائر کیس کی سماعت، ہائیکورٹ نے ایکٹ سے متعلق بحث کیلئے 19نومبربروز جمعرات کی تاریخ مقرر کردی۔

چیف جسٹس ہائیکورٹ جسٹس سردار لیاقت حسین شاہین اور سینئر جج جسٹس سید شاہد بہارپر مشتمل 2رکنی بنچ نے پیر کے روز کیس کی سماعت کی اور بحث کیلئے 19نومبرکی تاریخ دیدی۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر ہائیکورٹ : جسٹس سید شاہد بہار نے 1سال میں 1621 مقدمات کا فیصلہ سنایا

واضح رہے کہ سابق حکومت نے اس ایکٹ کے تحت 5ہزار کے لگ بھگ جریدہ اوور غیر جریدہ ملازمین کو مستقل کر دیا تھاجسے بعد ازاں ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا۔

ہائی کورٹ نے ایڈ ہاک ایکٹ کو معطل کر دیا تھا ،ایڈ ہاک ایکٹ کی اس معطلی کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیلیں دائر کی گئی تھیں۔

سپریم کورٹ نے تمام اپیلوں کو یکجا کرتے ہوئے ہائی کورٹ کا فیصلہ بحال رکھا اور کیس دوبارہ ہائی کورٹ کو برائے سماعت کیلئے ارسال کر دیا تھا ۔

گزشتہ تاریخ پر آزاد جموںوکشمیر ہائی کورٹ نے اس کیس میں جواب طلب کر رکھا تھا جبکہ آج کیس کی سماعت ہوئی اور آئندہ سماعت کیلئے جمعرات 19نومبر کی تاریخ مقرر کر دی گئی ہے۔

یہ بھی یاد رہے کہ ایڈہاک ملازمین کا ایشو 2021سے چل رہا ہے جب اس وقت کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے حکومت خاتمے سے کچھ دن قبل 5سال سروس کے حامل ایڈہاک ملازمین کو مستقل کرنے کا اعلان کیا۔

یہ بھی پڑھیں:ہائیکورٹ: لنگر پورہ سیٹلائٹ ٹاؤن کےکمرشل پلاٹوں کی نیلامی روک دی،حکم امتناعی جاری

راجہ فاروق حیدر کے اعلان کے برعکس اسی دن بھرتی ہونےوالے ملازمین کو بھی گریڈ 17تک کے ملازمین کو مستقل کردیا ، پی ٹی آئی کی حکومت بننے کے بعد تما م ملازمین کو واپس ایڈہاک کردیا گیا اور کمیٹی بنائی گئی جو 5سالوں میں ایڈہاک ملازمین سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کرسکی۔

پی پی حکومت نے بھی اپنے آخری ایام میں ملازمین کو مستقل کیا ، اب معاملہ عدالت میں ہے اور عدالتی فیصلے پر ہی ملازمین کا مستقبل طے ہوگا۔