بھمبر (کشمیر ڈیجیٹل) سرکاری زمینوں پر قبضے اور سرکاری املاک کے تحفظ میں غفلت اب صرف قابضین ہی نہیں، متعلقہ محکمہ مال کے افسران کیلئے بھی مشکلات پیدا کر سکتی ہے۔ ڈپٹی کمشنر بھمبر سردار فیصل مغل نے واضح کیا ہے کہ سرکاری اراضی پر ناجائز قبضہ سامنے آنے کی صورت اور فرائض میں غفلت یا کوتاہی ثابت ہونے پر محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر بھمبر سردار فیصل مغل کی زیر صدارت محکمہ مال کے افسران کے اہم اجلاس ،اجلاس میں ضلع بھمبر کی تینوں تحصیلوں میں محکمہ مال سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔۔
سرکاری رقبہ جات اور خالصہ سرکار کی زمینوں کا ریکارڈ مکمل طور پر محفوظ بنایا جائے۔ کسی بھی سرکاری زمین پر غیرقانونی قبضے کی اجازت نہ دی جائے۔
یہ بھی پڑھیں :ڈپٹی کمشنر بھمبر فیصل مغل محکمہ مال آفس پہنچ گئے، ریکارڈ کی پڑتال، اہم ہدایات جاری
سردار فیصل مغل نےکہا ہے کہ افسران اپنے اپنے علاقوں میں سرکاری اراضی کی صورتحال سے باخبر رہیں اور کسی بھی غیرقانونی سرگرمی کی بروقت نشاندہی کریں۔
اجلاس میں سرکاری زمینوں پر ہونے والی تعمیرات اور ہیوی مشینری کے استعمال کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام معاملات کی مکمل رپورٹ تیارطلب کرلی
سرکاری اراضی پر قبضے کی ذمہ داری صرف قبضہ کرنے والے شخص تک محدود نہیں رہے گی۔ اگر متعلقہ محکمہ مال کے افسران یا اہلکاروں کی غفلت سامنے آئی تو ان سے بھی جواب طلب کیا جائے گا۔
فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی ثابت ہونے پر محکمانہ کارروائی ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ محکمہ مال کے افسران اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری اور سنجیدگی سے ادا کریں۔
یہ بھی پڑھیں :ڈپٹی کمشنر بھمبر ان ایکشن، رشوت کے الزام میں پٹواری اور جونیئر کلرک معطل،انکوائری شروع
محکمانہ قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔ کارکردگی کی بنیاد پر جزا و سزا کے نظام کو مؤثر بنایا جائے تاکہ سرکاری امور میں شفافیت، جواب دہی اور نظم و ضبط کو فروغ مل سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ عوامی مفاد کو ہر معاملے میں ترجیح دی جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں۔
اجلاس میں ضلع بھمبر کی تینوں تحصیلوں کے ایس ڈی ایم صاحبان، افسران مال، نائب مہتمم بندوبست، تحصیلدار بندوبست، تحصیلدار اور نائب تحصیلداران بھمبر و برنالہ، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں جاری کی گئی ہدایات کے بعد سرکاری اراضی کے تحفظ اور محکمہ مال کی کارکردگی پر نگرانی مزید اہم ہو گئی ہے۔ اب یہ دیکھنا ہوگا کہ ان احکامات پر عمل درآمد کے دوران سرکاری زمینوں پر قائم ناجائز قبضوں کی نشاندہی اور ذمہ داروں کے تعین کے لیے عملی طور پر کیا اقدامات کیے جاتے ہیں۔




