لندن (کشمیر ڈیجٹیل) بھارت کے جدید جنگی طیاروں رافیل سے متعلق ایک اہم انکشاف سامنے آیا ہے، جس نے بھارتی فضائیہ کی جنگی صلاحیت اور گزشتہ برس ہونے والی فضائی جھڑپوں کے حوالے سے ایک مرتبہ پھر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
برطانوی دفاعی جریدے فلائٹ انٹرنیشنل کی جانب سے جاری کردہ ورلڈ ایئرفورسز ڈائریکٹری 2027 کے مطابق بھارتی فضائیہ کے پاس موجود 36 رافیل طیاروں میں سے 32 طیارے باقی رہ گئے ہیں، جبکہ چار طیارے فہرست میں شامل نہیں ہیں۔
برطانوی جریدے کی اس رپورٹ کے منظر عام پر آنے کے بعد پاکستان کی جانب سے بھارتی جنگی طیارے مار گرانے کے دعوؤں پر بھی ایک مرتبہ پھر توجہ مرکوز ہوگئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں :پمز کا سرجیکل ویسٹ اسکینڈل، ایف آئی اے حرکت میں آگئی ریکارڈ قبضے میں
رپورٹ میں چار رافیل طیاروں کے سیریل نمبرز بی ایس 001، بی ایس 021، بی ایس 022 اور بی ایس 027 درج کیے گئے ہیں، جن کے حوالے سے مختلف سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بھارتی فضائیہ کے رافیل طیاروں کی تعداد میں کمی کا معاملہ سامنے آنے کے باوجود بھارت کی جانب سے ان چاروں طیاروں کے سیریل نمبرز کے حوالے سے کوئی واضح اور قابلِ تصدیق تصاویر پیش نہیں کی جا سکیں۔
س صورتحال نے دفاعی حلقوں میں اس معاملے پر مزید بحث کو جنم دیا ہے،فلائٹ انٹرنیشنل کی ڈائریکٹری میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی فضائی کارروائیوں کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :آل آزادکشمیر بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کا تاج اسلام گڑھ کے سر! فائنل میں بڑا اپ سیٹ
رپورٹ میں پاکستان کے ملٹی ڈومین آپریشنز کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا کہ ان کارروائیوں کے نتیجے میں بھارتی فضائیہ کی آپریشنل صلاحیت شدید متاثر ہوئی تھی۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس بھارت کی جانب سے کی جانے والی جارحیت کے جواب میں پاکستان نے بھرپور دفاعی کارروائی کی تھی۔ پاکستانی مؤقف کے مطابق پاک فضائیہ نے جوابی کارروائی کے دوران بھارتی فضائیہ کے آٹھ جنگی طیارے تباہ کیے تھے، جن میں چار رافیل طیارے بھی شامل تھے۔ پاکستان کی جانب سے اس کارروائی کو بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب قرار دیا گیا تھا۔اب برطانوی دفاعی جریدے کی جانب سے جاری کردہ نئی ڈائریکٹری میں بھارتی رافیل طیاروں کی تعداد 36 سے کم ہو کر 32 درج ہونے کے بعد یہ معاملہ ایک بار پھر عالمی دفاعی مبصرین کی توجہ حاصل کر رہا ہے۔ تاہم رپورٹ میں طیاروں کی تعداد میں کمی کو کسی مخصوص واقعے سے منسوب کرنے کے حوالے سے مزید آزادانہ اور سرکاری تصدیق کی اہمیت بھی برقرار ہے۔




