برطانیہ میں پاکستانیوں کے لیے بری خبر! نادرا، پاسپورٹ اور ویزا سروسز اچانک بند، وجہ بھی سامنے آگئی

لندن( کشمیر ڈیجٹیل )برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے لیے ایک اہم خبر سامنے آگئی، پاکستان ہائی کمیشن لندن نے نادرا، پاسپورٹ اور ویزا سے متعلق تمام خدمات عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

 برطانیہ میں رہنے والے پاکستانی شہریوں کو سفری دستاویزات اور دیگر سرکاری سہولیات کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ 

ہائی کمیشن کے مطابق یہ فیصلہ انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی میں پیدا ہونے والی تکنیکی خرابی کے باعث کیا گیا ہے اور سروسز کی بحالی تک شہری ان سہولیات سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔

 پاکستان ہائی کمیشن لندن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ زیرِ سمندر انٹرنیٹ کیبل میں تکنیکی خرابی پیدا ہونے کے باعث انٹرنیٹ سروس متاثر ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں سرکاری خدمات کی فراہمی کے لیے استعمال ہونے والے آن لائن نظام بھی متاثر ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :راولپنڈی اسٹیڈیم کے دروازے مفت کھل گئےشائقین کرکٹ  کیلئے بڑی خوشخبری

اعلامیے کے مطابق انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی میں تعطل کے باعث نادرا، پاکستانی پاسپورٹ اور ویزا سے متعلق خدمات کو آئندہ اطلاع تک عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔

 فیصلے کے نتیجے میں برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو شناختی دستاویزات، پاسپورٹ اور ویزا سے متعلق امور کی انجام دہی کے لیے فی الحال انتظار کرنا پڑے گا۔

یہ بھی پڑھیں :قومی بچت کی اسکیموں پر منافع شرح میں ردوبدل، اہم خبرآگئی

پاکستان ہائی کمیشن نے شہریوں کو آگاہ کیا ہے کہ مذکورہ خدمات کی بحالی تک ان سہولیات کی فراہمی ممکن نہیں ہوگی، تاہم ایک اہم وضاحت کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ دستاویزات کی تصدیق کا عمل معمول کے مطابق جاری رہے گا اور اس پر معطلی کا اطلاق نہیں ہوگا۔

ہائی کمیشن کے مطابق تکنیکی مسئلہ حل ہونے اور متعلقہ نظام بحال ہونے کے بعد نادرا، پاسپورٹ اور ویزا سروسز دوبارہ شروع کرنے کے حوالے سے باضابطہ اطلاع جاری کی جائے گی۔

برطانیہ میں مقیم پاکستانی شہریوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ ان خدمات کی بحالی سے متعلق پاکستان ہائی کمیشن لندن کے سرکاری اعلانات پر نظر رکھیں تاکہ غیر ضروری پریشانی اور سفری منصوبوں میں مشکلات سے بچا جا سکے۔