نوازشریف،اسحاق ڈار، مریم نواز کا آج درہ آزادکشمیر، مظفرآبادمیں سکیورٹی سخت

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) آزاد کشمیر کی سیاست میں اہم پیش رفت، سابق وزیراعظم پاکستان اور مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف دو روزہ دورے پر آج دن کومظفرآباد پہنچیں گے، ان کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بھی ہوں گے۔

دورے کے دوران آزاد کشمیر حکومت کے 100 روزہ حکومتی پلان، بڑے ترقیاتی منصوبوں اور مستقبل کی حکمت عملی پر اہم مشاورت متوقع ہے۔

 نواز شریف کی آمد کے موقع پر حکومتی سطح پر استقبال اور مختلف سیاسی و انتظامی سرگرمیوں کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :نوازشریف  کو نجی دورہ نیلم پر خوش آمدید کہتے ہیں، شاہ غلام قادر

 نواز شریف، اسحاق ڈار اور مریم نواز شریف ہیلی کاپٹر کے ذریعے مظفرآباد کے پریڈ گراؤنڈ ہیلی پیڈ پہنچیں گے۔ جہاں صدر آزاد کشمیر ڈاکٹر نجیب نقی، وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی، اسپیکر اسمبلی چوہدری طارق فاروق، مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر، سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان، وزراء اور پارلیمانی پارٹی کے ارکان ان کا استقبال کریں گے۔

دورے کے دوران نواز شریف پونچھ کے ٹکٹ ہولڈرز، اراکین اسمبلی اور کشمیر کونسل کے ممبران سے بھی ملاقات کریں گے۔ اس سلسلے میں متعلقہ شخصیات کو دعوت نامے جاری کر دیے گئے ہیں۔100 روزہ پلان پر اہم اجلاس دورے کا اہم ترین مرحلہ اعلیٰ سطحی اجلاس ہوگا، جس کی صدارت نواز شریف کریں گے۔

اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی کی جانب سے حکومت کے 100 روزہ پلان پر پیش رفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو بھی حکومتی ترجیحات اور مجوزہ منصوبوں سے آگاہ کیا جائے گا۔

کون سے بڑے منصوبے شروع کرنے کی تیاری ہے؟حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے جاری کردہ تہنیتی اشتہار کے مطابق 100 روزہ پلان میں عوامی فلاح و بہبود کے متعدد منصوبے شامل ہیں۔ ان میں شہریوں کو ان کی دہلیز پر علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنا، تعلیم و ہنر کے ذریعے نوجوان نسل کا مستقبل روشن بنانا اور جدید ٹرانسپورٹ کے ساتھ سفری اخراجات میں کمی کے اقدامات شامل ہیں۔اسی طرح صاف ستھرے شہر اور سرسبز وادیوں کا منصوبہ، ہر خاندان کے لیے اپنی چھت کی فراہمی، جدید سڑکوں اور ماڈل انفراسٹرکچر کی تعمیر بھی حکومتی ترجیحات میں شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں وزراء حکومت کی پریس کانفرنس، نوازشریف کی آزادکشمیر آمد پر سوروزہ پلان کا اعلان متوقع

سیاحت کے فروغ، نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے، ہنرمندی اور معاشی خودکفالت کے منصوبوں کو بھی پلان کا حصہ بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مستحق بچیوں کی شادیوں کا اہتمام، سرکاری خدمات کو موبائل ایپ کے ذریعے شہریوں تک پہنچانا اور بڑے پیمانے پر شجرکاری بھی مجوزہ اقدامات میں شامل ہیں۔

مظفرآباد شہر کے لیے خصوصی پیکج اور ماسٹر پلان پر عملدرآمد بھی حکومتی پروگرام کا اہم حصہ قرار دیا گیا ہے۔نیلم ویلی اور دیگر علاقوں کے دورے کا بھی امکانسرکاری مصروفیات اور ظہرانے کے بعد نواز شریف کی راجہ فاروق حیدر خان کی رہائش گاہ جے وی ہاؤس آمد متوقع ہے۔

 شاہ غلام قادر کے ہمراہ آٹھمقام، وادی نیلم، تہجیاں، خواجہ سیری اور تاؤ بٹ کے دورے کا پروگرام بھی طے کیا گیا ہے۔شیڈول کے مطابق نواز شریف وادی نیلم میں دو راتیں قیام کریں گے، جس کے بعد ہیلی کاپٹر کے ذریعے لاہور روانہ ہو جائیں گے۔

سیاسی اور عوامی حلقوں کی نظریں اس دورے پر مرکوز ہیں۔ خصوصاً 100 روزہ حکومتی پلان میں شامل منصوبوں کے آغاز اور ان پر عملدرآمد کے حوالے سے اہم اعلانات کی توقع کی جا رہی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ اس دورے کے نتیجے میں آزاد کشمیر کے عوام کو ترقیاتی منصوبوں اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے کس حد تک عملی پیش رفت دیکھنے کو ملتی ہے۔