پیٹرول پمپ مالکان نے وزیراعظم پاکستان شہبازشریف کو خط لکھ دیا

اسلام آباد(کشمیر ڈیجٹیل )پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار ردوبدل نے پٹرول پمپ مالکان کی مشکلات بڑھا دیں۔

آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے وزیراعظم سے قیمتوں کے تعین کا موجودہ طریقہ کار تبدیل کرکے ماہانہ بنیادوں پر قیمتیں مقررکرنے کا مطالبہ کر دیا۔

پٹرول پمپ مالکان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی کے باعث کاروباری سرگرمیاں متاثرجبکہ پمپ مالکان کو بھاری مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑتا ہے

یہ بھی پڑھیں :پیٹرولیم کی بڑھتی قیمتیں، ہفتہ وار 3 چھٹیاں،ملک میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگانے پر غور

خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ کے باعث کاروباری منصوبہ بندی، پٹرولیم مصنوعات کے ذخیرے اور اسٹاک مینجمنٹ میں مشکلات پیدا ہو رہی ہیں۔

حکومت کی جانب سے جب قیمتوں میں کمی کی جاتی ہے تو پمپ مالکان کو مہنگے داموں خریدا گیا پٹرول کم قیمت پر فروخت کرنا پڑتا ہے، جس سے انہیں براہ راست مالی نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :پاکستان میں پیٹرولیم سبسڈی کا دائرہ بہت وسیع ،جلد ختم کیا جائے، آئی ایم ایف

ایسوسی ایشن نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ماہانہ بنیادوں پر نظرثانی کا نظام متعارف کرایا جائے تاکہ پٹرول پمپ مالکان کو کاروباری استحکام حاصل ہو۔

آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نعمان علی بٹ نے بھی وزیراعظم  سے معاملے کا فوری نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ روزانہ قیمتوں میں تبدیلی کے موجودہ طریقہ

کار پر نظرثانی ناگزیر ہو چکی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ماہانہ بنیادوں پر قیمتوں کے تعین کا نظام پمپ مالکان کے لیے کاروباری مشکلات کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔