میرپور: بن خرماں میرپور کے رہائشی خاندان کیساتھ انوکھی واردات ڈال دی گئی ، گڑھ مہاراجہ اور موسی خیل سے نامعلوم افراد نے بزرگ شہری، اس کے دو بیٹوں اور بیٹی کے ڈیتھ سرٹیفکیٹ بنوا لئے۔
خاندان کے چاروں افرادکو نادرا نے مردہ قرار دیکر شناختی کارڈ منسوخ کر دئیے، شہری نے تحقیقات کیلئے ایس ایس پی میرپور کو درخواست دے دی ۔
یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد: چوری کی انوکھی واردات، نوسرباز جوڑا دکان کا کیش بکس خالی کر کے فرار
انوکھی واردات کا انکشاف کشمیر پریس کلب میرپور میں بن خرماں کے رہائشی ریٹائر پولیس ملازم امانت علی ولد محمد نذیر نے اپنے بیٹے علی اختر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
امانت علی نے روداد سناتے ہوئے کہا کہ نامعلوم افرادنے اس کا اپنا، بیٹی صنم مسرت ،بیٹے علی اختر ، دوسرے بیٹے علی اصغر کے ڈیٹھ سرٹیفکیٹ بنوا کر نادراسے شناختی کارڈ کینسل کروا دئیے
انہوں نے کہا کہ نامعلوم نوسربازوں نے دو ڈیتھ سرٹیفکیٹ گڑھ سلطان مہاراجہ اور دو موسی خیل سے بنوائے حالانکہ ہم میرپور کے رہائشی ہیں، ہماری میرپور اور بھمبر کے علاوہ کہیں رشتہ داری نہیں ہے۔
امانت علی نےسوال اٹھایا کہ ان یونین کونسل والوں نے کیسے زندہ افراد کے ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کر دئیے جو ان کے علاقے کے ہیں ہی نہیں اور پھر نادرانے کیسے ان کو انڈوز کرکے شناختی کارڈ کینسل کر دئیے ۔
انہوں نے کہ وہ خود پولیس ملازم ریٹائر ہیں ایک بیٹا پولیس میں حاضر سروس مظفرآباد ڈیوٹی کر رہا ہے جبکہ دوسرا محنت مزدوری کرتا ہے اور بیٹی چائنہ میں مقیم ہے ان چاروں کے ڈیتھ سرٹیفکیٹ بنا کر شناختی کارڈ کینسل کئے گئے۔
ہم نے ایس ایس پی میرپور کو تحقیقات کے لیے درخواست دی ہے جبکہ وزارت داخلہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس نوسربازی میں ملوث عناصر کو ٹریس کرکے قرار واقعی سزا دے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں تمام معاملے کا علم تب ہوا جب بیٹے کا ایزی پیسہ اور جاز کیش اکائونٹ بلاک ہوا ،نادراحکام کسی قسم کا تعاون نہیں کر رہے مگر ہم زلیل و خوار ہو کر رہ گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان کو چلنے دو، آئے روز احتجاج بند کرو،بھمبر میں شہریوں کی انوکھی ریلی
ہمیں انصاف دیا جائے اور شناختی کارڈ بحال کئے جائیں، ہم خود کو زندہ ثابت کرنے کے لیے زلیل و خوار ہو رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں شک ہے کہ ہمارے مخالفین کا کام ہے جن کے ساتھ زمین کے کیسز ہیں انھوں نے یہ واردات کی ہے۔




