مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) سروس ٹریبونل آزاد جموں و کشمیرنے اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر (اے ای او) کی آسامیوں پر بھرتی کے طریقہ کار سے متعلق اہم فیصلہ سنادیا۔
ٹربیونل نے واضح کیا کہ محکمانہ قواعد 2018ء کے تحت اے ای او کی آسامیاں صرف پبلک سروس کمیشن کے ذریعے ابتدائی بھرتی کے عمل کے تحت ہی پُر کی جا سکتی ہیں۔
ان آسامیوں کو تبادلے، تعیناتی یا کسی دوسرے انتظامی طریقہ کار کے ذریعے پُر کرنا قواعد کے مطابق نہیں ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سپریم کورٹ: محکمہ صحت میں جعلی اسناد پر بھرتیاں،ضیاء القمر کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر
سروس ٹریبونل کے چیئرمین چوہدری محمد سجاد اور ممبر شفیق اللہ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سروس اپیل نمبر 871/2026 کا فیصلہ سنا دیا۔
حکومت آزاد کشمیر اور محکمہ تعلیم کو ہدایت کی کہ اے ای او حلقہ نمبر 3 اور حلقہ نمبر 4 کی خالی آسامیوں کو دو ماہ کے اندر پُر کرنے کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں۔
فیصلے میں محکمانہ قواعد 2018ء کی قانونی حیثیت اور ان میں بھرتی کیلئے مقرر کردہ طریقہ کار کو بنیادی اہمیت دی گئی۔
ٹریبونل نے واضح کیا کہ جب کسی مخصوص آسامی کیلئے قواعد میں ابتدائی بھرتی بذریعہ پی ایس سی کاطریقہ مقرر ہو تو متعلقہ محکمہ اس طریقہ کار سے انحراف نہیں کر سکتا۔
سروس ٹریبونل کے اس فیصلے کو محکمہ تعلیم میں تقرریوں کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے
مزید یہ بھی پڑھیں:حکومتی ایس او پیز کی خلاف ورزی پرعبدالغنی انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنس کالج سیل
اس سے خالی آسامیوں پر بھرتی کے عمل میں شفافیت، میرٹ اور مقررہ قانونی طریقہ کار کی پابندی یقینی بنانے کی راہ ہموار ہوگی۔
فیصلے کے تحت حکومت اور محکمہ تعلیم پر لازم ہوگا کہ وہ مقررہ دو ماہ کی مدت میں اے ای او حلقہ نمبر 3 اور 4 کی خالی آسامیوں کو قواعد کے مطابق پُر کرنےکیلئے کارروائی مکمل کریں۔
اس فیصلے سے ان آسامیوں پر تعیناتی کے منتظر امیدواروں کے لیے بھی پبلک سروس کمیشن کے ذریعے میرٹ پر بھرتی کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔




