تحریر: شایان رضا بیگ
اگر دیکھا جائے تو پورے بلتستان ڈویژن کے چاروں اضلاع میں گزشتہ کئی سالوں سے دن بدن بجلی کی اعصاب شکن لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے۔ اگر یہ معاملہ کسی ایک گلی یا محلے کی حد تک ہوتا تو شاید برداشت بھی کیا جا سکتا تھا، مگر یہ صورتحال پورے ریجن کے ساتھ جڑی ہوئی ہے۔ بجلی کی اس غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے نہ صرف گھریلو معاملاتِ زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے بلکہ کاروباری طبقہ بھی پچھلے کئی سالوں سے شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہے۔
حالت اب اس نہج پر پہنچ چکا ہے کہ اب گھر کے ہر چھوٹے بڑے، بزرگ اور خواتین تک اس اعصاب شکن لوڈشیڈنگ سے سخت پریشان ہیں۔ ہر کوئی اس مرحلے سے نکلنے کے لیے کوئی معجزہ یا ‘آلۂ دین کا چراغ’ ڈھونڈ رہا ہے۔ لیکن کیا ہم نے کبھی سوچا کہ اس بجلی کی لوڈشیڈنگ کا اصل ذمہ دار کون ہے؟ اس کا اصل ذمہ دار ہم خود ہیں، یعنی ہماری اپنی ‘اجتماعی بے حسی’! مسئلہ پورے عوام کا ہے، لیکن اس مسئلے کو اعلیٰ حکام تک پہنچانے کا ٹھیکہ صرف چند افراد نے لے رکھا ہے۔ میرا اشارہ ان چند سول سوسائٹی کے افراد کی طرف ہے جو حسینی چوک سے یادگار چوک تک اس اہم ایشو کو اٹھا کر احتجاج کرتے رہے۔ اگر یہ چند افراد چاہتے تو ذاتی طور پر مہنگے سولر سسٹمز لگا کر اپنی ضرورتیں پوری کر سکتے تھے، مگر عوام کے ساتھ ہونے والی اس زیادتی اور ظلم کے خلاف یہ افراد اپنے حصے کی شمع روشن کیے ہوئے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ڈاکٹرآصف کی کاوشوں کو سلام، آرایچ کیو میں ایم آر آئی مشین فعال
اس کے باوجود ہم اجتماعی طور پر بے حس عوام ان کے ساتھ سراپا احتجاج بننے کے بجائے، الٹا اس چند منٹ کے لیے یادگار چوک بند ہونے پر انہیں ٹیری نظروں سے دیکھتے ہے ۔ ہمارے پاس اتنا شعور بھی نہیں کہ ہم ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں اپنے جائز مطالبات اعلیٰ حکام تک پہنچانے میں ان کے ساتھ کلیدی کردار ادا کر سکے۔ المیہ اس معاشرے کا یہ بن چکا ہے کہ کھیل کے میدانوں کو آباد رکھنے کے لیے ہم تمام تر مصروفیات چھوڑ کر چلے جاتے ہیں، لیکن جب اپنے اجتماعی حقوق کے لیے کوئی سراپا احتجاج ہو تو چند قدم ساتھ چلنے کے لیے بھی کوئی تیار نہیں۔ ہم نہ تو خود اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھانے کی زحمت گوارہ کرتے ہیں اور نہ ہی آواز اٹھانے والوں کا ساتھ دینے کو تیار ہوتے ہیں۔ الٹا جو لوگ عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنا احتجاج ریکارڈ کراتے ہے، یہی عوام انہیں طرح طرح کے ناموں اور القابات سے نوازنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتی۔
گزشتہ کئی سالوں کے مقابلے میں اس بار شہرِ سکردو میں اعصاب شکن لوڈشیڈنگ سے عوام کو جس عذاب کا سامنا ہے، وہ کسی سے پوشیدہ نہیں۔ دوسری طرف، “وزیراعظم سولر سکیم” کے تحت جہاں لوڈشیڈنگ زیادہ ہے وہاں عوام اور کاروباری طبقے کو ترجیحی بنیادوں پر سولر دینے کے بجائے تمام اضلاع میں یکساں تقسیم کا عمل کیا گیا، جس سے عوام میں شدید مایوسی اور تشویش پائی جاتی ہے۔ ایک طرف بائیس بائیس گھنٹے کی طویل ترین لوڈشیڈنگ ہے، جبکہ دوسری جانب سینکڑوں گھرانوں کو وزیراعظم سولر سکیم کے تحت سولر پلیٹس دی گئیں۔ المیہ یہ ہے کہ ان میں سے تقریباً 90 فیصد لوگوں نے یا تو ابھی تک وہ پلیٹس لگائی ہی نہیں، یا پھر متعدد افراد نے مفت کا مال سمجھ کر انہیں سستے داموں فروخت کر ڈالا۔ سینکڑوں گھرانے آج بھی ان سولر پلیٹس کو اپنے سٹورز کی زینت بنائے بیٹھے ہیں، جبکہ بجلی کے حوالے سے سب سے زیادہ فریاد بھی یہی لوگ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کویت میڈیکل کمپلیکس، درد مند دلوں کیلئے مرہم
صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کو چاہیے تھا کہ وہ سولر سکیم کی تقسیم کے وقت اس بات کا خاص خیال رکھتے کہ ان علاقوں کو ترجیح دی جائے جہاں بجلی کی طویل ترین لوڈشیڈنگ کا مسلہ ہے۔
عوام کو بھی اب اس بات کا شعور حاصل کرنا ہوگا کہ محض باتوں کی حد تک محدود رہنے کے بجائے خود بھی اس اہم مسئلے کو حل کرانے کے لیے آگے آئیں۔ اس مسئلے کو صرف چند افراد کی ذمہ داری سمجھنے کے بجائے ان کا سہارا بننا ہوگا اور ان کا ساتھ دینا ہوگا۔ وگرنہ وہ دن دور نہیں جب کسی بھی عوامی ایشو پر آواز اٹھانے یا احتجاج کے لیے کوئی مخلص شخص بچے گا ہی نہیں، اور تب تک پانی سر سے گزر چکا ہوگا ۔
بہرحال، بلتستان ریجن میں بجلی کے اس شدید ترین بحران پر قابو پانے کے لیے صوبائی حکومتِ گلگت بلتستان کو اب روایتی غفلت ترک کر کے ٹھوس اور عملی اقدامات اٹھانے کی اشد ضرورت ہے تاکہ یہاں کے عوام کو اس اعصاب شکن لوڈشیڈنگ کے عذاب سے مستقل نجات مل سکے۔



