اسلام آباد : آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والی ساریہ خان نے مکسڈ مارشل آرٹس (MMA) کی دنیا میں تاریخ رقم کر دی ۔
راولاکوٹ سے تعلق رکھنے والی ساریہ خان آزاد کشمیر کی پہلی خاتون ایم ایم اے فائٹر ہیں جو نہ صرف خود فائٹنگ میں نام کما رہی ہیں بلکہ دوسری لڑکیوں کو بھی اپنے دفاع (Self-Defense) کی تربیت دے رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نیویارک سٹی میراتھن: کشمیری ایتھلیٹ محمد یوسف اور مونا خان کا نیا ریکارڈ
ساریہ خان نے حال ہی میں ڈی ڈبلیو اردو کو انٹرو دیا ہے جس میں انہوں نے بتایا کہ انہیں بچپن سے ہی ریسلنگ کا جنون تھا، اگرچہ اس وقت شوق صرف دیکھنے کی حد تک محدود تھا۔
آزاد کشمیر میں فائٹنگ کا کوئی تصور نہیں پایا جاتا تھا اور بالخصوص خواتین کے لیے کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنا معاشرتی طور پر ایک چیلنج سمجھا جاتا تھاہم،ساریہ نے ان تمام رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے اپنے شوق کو عملی جامہ پہنایا۔
2024 کے آخر میں ہونے والے ایک قومی ٹورنامنٹ میں ساریہ کو شدید چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا۔ اپنی مقررہ ایٹم ویٹ کیٹیگری (47.6 کلوگرام) میں وزن بڑھ جانے کی وجہ سے انہوں نے زیادہ وزن والی کیٹیگری (اپر ویٹ) میں مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
کوارٹر فائنل میں کامیابی حاصل کرنے کے باوجود وہ اس نئی ویٹ کلاس میں وہ مکمل پراعتماد نہیں تھیں۔ دوسری فائٹ کے دوران، جب وہ ٹیک ڈاؤن اور گریپلنگ کے لیے آگے بڑھیں تو انہیں ایک سخت پنچ لگا، جس سے ان کا جبڑا ٹوٹ گیا۔
اس تکلیف دہ مرحلے پر متعدد لوگوں نے انہیں یہ کھیل چھوڑنے کا مشورہ دیا، لیکن ساریہ کہتی ہیں میں ناک آؤٹ نہیں ہوئی اور نہ ہی میں نے گیو اپ کیا۔
اسی غیر متزلزل عزم کے ساتھ ساریہ نے نہ صرف مقابلہ جاری رکھا بلکہ آج وہ پورے پاکستان میں اپنی ویٹ کیٹیگری کی نیشنل چیمپئن کا اعزاز اپنے نام کر چکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:کرکٹ ورلڈکپ 2027،ٹکٹوں کی مانگ نے تمام ریکارڈ توڑ دیئے
یہی نہیں ساریہ خان نے با ہمت کے نام سے ایک تنظیم کی بنیاد رکھی ہے جس کے ذریعے وہ پاکستان بھر میں لڑکیوں اور خواتین کو خود دفاع (Self-Defense) کی تربیت دے رہی ہیں۔
ساریہ کہتی ہیں کہ سیلف ڈیفنس سیکھنے سے انسان کو بھرپور اعتماد ملتا ہے۔ یہ اعتماد ہمیں اس قابل بناتا ہے کہ خدانخواستہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہم اپنی حفاظت خود کر سکیں۔




