ترکیہ ، اسٹیل فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی سے 16افراد جاں بحق

  ترکیہ کے مغربی صوبے ازمیر میں واقع ایک اسٹیل فیکٹری میں خوفناک دھماکے اور آتشزدگی کے نتیجے میں کم از کم 16 افراد جاں بحق جبکہ 31زخمی ہو گئے۔ 

حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے تمام افراد فیکٹری کے ملازمین تھے، جنہیں فوری طور پر امدادی کارروائیوں کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:لوئرگریس: آتشزدگی ،2 مکان خاکستر،عوام کا حکومت سے مالی تعاون کا مطالبہ

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکہ حاباس اسٹیل پلانٹ میں پیش آیا، جو ترکیہ کے بڑے اسٹیل پیدا کرنے والے صنعتی اداروں میں شمار ہوتا ہے۔

 واقعے کے بعد فیکٹری کے اندر شدید آگ بھڑک اٹھی، جبکہ جائے حادثہ سے اٹھنے والے دھویں کے سیاہ بادل دور دور تک دکھائی دئیے۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی تصاویر اور ویڈیوز میں فیکٹری کے اندر آگ کے شعلے اور فضا میں بلند ہوتا دھواں دیکھا جا سکتا ہے۔

ازمیر کے گورنر سلیمان البان نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک متبادل بوائلر کو منتقل کرنے کیلئے استعمال ہونے والی کرین گر گئی۔

 کرین کے گرنے کے باعث بوائلر اور دیگر سامان نیچے موجود بھٹی میں جا گرا، جس کے نتیجے میں زوردار دھماکہ ہوا اور فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی۔

دوسری جانب کمپنی انتظامیہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حادثہ پلانٹ کی الیکٹرک آرک فرنس میں معمول کی دیکھ بھال کے کام کے دوران پیش آیا۔

واقعے کے بعد امدادی ٹیموں، فائر بریگیڈ اور متعلقہ اداروں نے فوری کارروائیاں شروع کر دیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مری، کیری بولان میں آتشزدگی،7افراد جاں بحق،7 زخمی

حکام کے مطابق خدشہ ہے کہ بعض افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہو سکتے ہیں، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا امکان رد نہیں کیا جا سکتا۔

 واقعے کی وجوہات جاننے اور حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔