چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سینیٹر روبینہ خالد نے اعلان کیا ہے کہ پروگرام کی آئندہ قسط ملک بھر میں 6 بینکوں کے ذریعے مستحق خواتین کے ڈیجیٹل والٹ اکاؤنٹس میں منتقل کی جائے گی جبکہ اس سہولت کو مزید بہتر بنانے کیلئے مستقبل میں مزید بینک بھی شامل کئے جائیں گے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کی خصوصی ہدایات پر سینیٹر روبینہ خالد نے ضلع تھرپارکر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے خشک سالی سے متاثرہ غریب اور مستحق خاندانوں کیلئے مالی امداد اور غربت کے اسکور میں رعایت دینے کا اعلان کیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بی آئی ایس پی ڈیجیٹل انقلاب، مستحق خواتین کیلئے ادائیگیاں آسان: ڈی جی حیدر مرتضیٰ
مٹھی میں ڈپٹی کمشنر آفس میں ضلعی انتظامیہ اور منتخب نمائندوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ تھرپارکر کو خشک سالی سے متاثرہ علاقہ قرار دیے جانے کے بعد مستحق متاثرہ خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی جبکہ نئے خاندانوں کو بھی امدادی پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ غریب اور مستحق افراد کی امداد کے پروگرام کو سیاسی رنگ نہیں دینا چاہیے اور اس کا مقصد صرف ضرورت مند خاندانوں کی مدد کرنا ہے۔
روبینہ خالد کے مطابق اس وقت بی آئی ایس پی میں 32 تک غربت اسکور رکھنے والے خاندان شامل ہیں، تاہم تھرپارکر میں خشک سالی کی صورتحال کے پیش نظر حکومت 45 سے 50 تک غربت اسکور رکھنے والے خاندانوں کو بھی امداد فراہم کرنے پر غور کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عملے کی کمی دور کرنے کیلئے اضافی اہلکار ڈیپوٹیشن پر تعینات کئے جائیں گے، جبکہ دور دراز علاقوں میں مستحق خواتین کی رجسٹریشن کیلئے موبائل وینز بھی چلائی جائیں گی تاکہ خواتین کو اندراج کیلئے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے بتایا کہ مستحق خواتین کو مالی امداد کی شفاف اور بلاتعطل ادائیگی یقینی بنانےکیلئے ڈیجیٹل والٹ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے۔ ملک بھر میں 93 لاکھ سے زائد ڈیجیٹل اکاؤنٹس فعال ہوچکے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مفت سم کیلئے تاریخ 10ستمبر ، رقم پوری وصول کریں، بلیک میلنگ میں نہ آئیں ، ترجمان بی آئی ایس پی
انہوں نے کہا کہ پروگرام کی اگلی قسط چھ بینکوں کے ذریعے براہ راست مستحق خواتین کے ڈیجیٹل والٹ اکاؤنٹس میں منتقل کی جائے گی، جبکہ ادائیگیوں کے نظام کو مزید آسان بنانے کے لیے جلد مزید بینک بھی شامل کئے جائیں گے۔
روبینہ خالد کے مطابق اس وقت ملک بھر میں ایک کروڑ 2 لاکھ خاندان بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مالی امداد حاصل کر رہے ہیں، جس سے تقریباً 5 کروڑ افراد مستفید ہورہے ہیں۔




