اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان سویٹ ہوم کے سرپرست اعلی زمرد خان (ہلال امتیاز) اور سویٹ ہوم کے کیڈٹس اور بچوں نے سویٹ ہوم میں یوم اقبال کے سلسلے میں شاندار تقریب کا انعقاد کیا۔
چیف جسٹس آزاد کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے بطور مہمان خصوصی اور میجر جنرل دلاور خان نے بطور گیسٹ آف آنر شرکت کی۔
چیف جسٹس آزاد کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں خوش نصیب ہوں کہ مجھے آج اس جنت نظیر جگہ پر آنے کا اور ان بچوں سے ملنے کا موقع ملا۔
آپ لوگ علامہ محمد اقبال کے شاہین ہیں اور آپ کی کامیابی ہی ہماری اور اس ملک کی کامیابی ہے۔اسلامی جمہوریہ پاکستان کی مضبوط اور مستحکم بنیادیں استوار کرنے میں پاکستان سویٹ ہوم جیسے ادارے اور اس ادارہ کو قائم کرنے میں زمرد خان جیسے سچے محب وطن پاکستانیوں نے ہمیشہ سے اہم کردار ادا کیا ۔
انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ قیامت تک اس ریاست کا وجود قائم رہے گا اور اس فلاحی ادارے اس مملکت خداد داد کو پوری دنیا میں ایک عظیم مقام دلاتے رہیں گے اور انسانیت کی خدمت جاری و ساری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ آج 09 نومبر ہے اور یہ دن ہمارے لیے انتہائی تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔آج کے دن شاعر مشرق اور مفکر و مصور پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کی یاد میں ہمارے دلوں کو روشن کرتی ہے جنھوں نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کا تصور پیش کیا۔
آج کے دن ہم بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ،ڈاکٹر علامہ محمد اقبال ؒاور قیام پاکستان کے لیے لازوال جدوجہد کرنے والے تمام شہیدوں اور غازیوں کو خراجِ عقیدت اور سلام پیش کرتے ہیں جن کی بدولت دنیا کے نقشے پر ایک عظیم اسلامی ریاست قائم ہوئی، جہاں پر آج ہم سب امن اور سکون کی زندگی بسر کر رہے ہیں۔اللہ تعالیٰ قیامت تک اس ملک کو آباد رکھے۔

چیف جسٹس آزادکشمیر نے کہا کہ آج جس انداز میں سویٹ ہوم پاکستان میں زیر تعلیم بچوں نے پرفارم کیا اور جو بہترین معیار نظر آیا اس کیلئے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ جدید تعلیم و تربیت کا جو خواب کوئی بھی صاحب ثروت دیکھ سکتا ہے وہ تمام سہولیات سویٹ ہوم پاکستان کے بچوں کو میسر ہیں۔
پاکستان سویٹ ہوم کے طلباء اور تدریسی عملہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، آپ پاکستان کے مستقبل کے معمار اوراقبال کے شاہین ہیں۔ مجھے امید ہے کہ آپ کی بلند پرواز آپ کو ایک دن اس ملک کا چیف جسٹس، سائنسدان،انجینیئر،پروفیسر اور سیاستدان بنائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سویٹ ہوم میں زیر تعلیم و تربیت طلبا اور طالبات کے ساتھ ساتھ اس ادارے کے بانی سرپرست کو پورے پاکستان میں قائم بہت سے فلاحی اداروں میں مقیم پاکستانی قوم کے غریب یتیم اور بے سہارا بچوں کو تمام رفاحی اور فلاحی اداروں میں زیر تعلیم و تربیت طلبا و طالبات کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ پوری قوم آپ کے ساتھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ اس طرح قابل احترام ہیں جس طرح ہمارے اپنے بچے ہیں،ہم ہمیشہ آپ کی تعلیم، صحت اور دیگر ضروریات کے لیے جس قدر ممکن ہوا تعاون کرتے رہیں گے۔
چیف جسٹس آزاد کشمیرنے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں چھ لاکھ بھارتی افواج کی موجودگی کے باوجود وہاں کے لوگ جب مرتے ہیں تو وہ پاکستانی پرچم میں دفن ہونا پسند کرتے ہیں۔
پاکستان کے بارے میں حریت رہنما سید علی گیلانی نے کہا کہ پاکستان ہمارا ہے اور ہم پاکستانی ہیں۔سویٹ ہوم میں جو تعلیم دی جاتی ہے وہ پاکستان کے بڑے سے بڑے اداروں کے برابر ہے۔
چیف جسٹس آزادکشمیر نے کہا کہ ان بچوں سے مل کر میں مکمل اعتماد سے کہہ سکتا ہوں کہ ان بچوں کا مستقبل روشن ہے اور ان کا روشن مستقبل پاکستان کے روشن مستقبل کی نوید ہے۔
بطور گیسٹ آف آنر میجر جنرل دلاور خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کا مقصد انسان کو تسخیر کائنات کے لیے تیار کرنا بھی ہے اور ایسے سانچے میں ڈھالنا بھی کہ وہ خود کو مفید شہری بنا کر صالح معاشرے کو وجود میں لانے میں مدد دے اور تعلیم کا آخری اور بڑا مقصد خودی کی تقویت اور استحکام ہے مجھے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ میرے لیے ایک سرمایہ حیات ہے۔
سرپرست اعلی سویٹ ہوم زمرد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ علامہ محمد اقبال کے فلسفے کی روشنی میں ہم ان بچوں کے ساتھ دن رات محنت کر رہے ہیں اور اللہ کا احسان ہے کہ سویٹ ہوم کے بچے آرمڈ فورسز کے ساتھ ساتھ زندگی کے ہر شعبہ میں کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں اور انشااللہ یہ بچے مستقبل میں نہ صرف ملک کی خدمت کریں گے بلکہ بے سہاروں کا سہارا بھی بنیں گے۔
تقریب میں سویٹ ہوم کے کیڈٹس نے شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا اور بچوں نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کا کلام پیش کیا۔ تقریب میں اندرون ملک اور بیرون سے مہمانان گرامی نے بھی شرکت کی
سکندر سعید راجہ ایڈوکیٹ ، عروہ خان ایڈوکیٹ ،پاک لینڈ کے مقصود الرحمن، چوہدری امجد علی امریکہ ، چوہدری افتخار یو کے، چوہدری افتخار ہانگ کانگ، خالد رحمان، ایس ایس پی زبیر شیخ، قیصر خٹک، امید علی کلہوڑو، اعجاز الطاف، عنایت صاحب، معیز افتخار، احمد سلطان (انڈونیشیا) شیخ توفیق سراج (ٹی کے گروپ ایتھوپیا) نے بھی شرکت کی۔




