فلو کے بڑھتے کیسز، ویکسین مارکیٹ سے غائب، شہریوں میں تشویش کی لہر

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)پاکستان میں موسم کی تبدیلی کے ساتھ فلو اور سانس کی بیماریوں کے کیسز میں اضافہ، مارکیٹ میں فلو ویکسینزکی قلت ،شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (NIH) کے سرویلنس ڈیٹا کے مطابق نومبر 2026 کے آغاز میں ایک ہفتے کے دوران ملک میں 45 ہزار سے زائد افراد میں فلو جیسی علامات رپورٹ ہوئیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:چیف جسٹس سعید اکرم خان سویٹ ہوم پہنچ گئے، یوم اقبال تقریب میں شرکت

تاہم یہ تمام کیسز لیبارٹری سے تصدیق شدہ انفلوئنزا نہیں ہیں۔پمز اسپتال اسلام آباد میں بھی نزلہ، کھانسی، زکام اور سانس کی دیگر علامات کے ساتھ مریضوں کی آمد دیکھی جا رہی ہے۔

پمز کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد علی عارف کے مطابق فلو سے متاثرہ بعض مریضوں میں نمونیا جیسی پیچیدگیوں کا خطرہ موجود ہوتا ہے، جبکہ ان کے مشاہدے میں ایسے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق بزرگ افراد، چھوٹے بچے، حاملہ خواتین، دل اور پھیپھڑوں کے امراض میں مبتلا افراد اور کمزور قوت مدافعت رکھنے والے افراد میں فلو کے نتیجے میں سنگین پیچیدگیاں پیدا ہونے کا خدشہ زیادہ ہوتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق فلو ویکسین کے معروف برانڈز، جن میں چینی Sinovac، فرانسیسی Vaxigrip اور Influvac شامل ہیں، مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہیں۔

دوسری جانب ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (DRAP) کے مطابق چینی ویکسین کی دستیابی نومبر کے وسط میں متوقع بتائی گئی تھی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:تربیلا ڈیم کا زیرتعمیرٹی فائیوحفاظتی بند ٹوٹ گیا، پاؤر ہاؤس میں پانی داخل

تاہم دیگر برانڈز کی فراہمی کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق فلو کا علاج موجود ہے اور بعض مریضوں کو ڈاکٹر کی ہدایت پر اینٹی وائرل ادویات دی جا سکتی ہیں۔

تاہم اینٹی بائیوٹکس فلو وائرس کا علاج نہیں ہیں۔ ویکسین فلو سے بچاؤ اور بعض سنگین پیچیدگیوں کے خطرے کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔