وزیراعظم افتخار گیلانی کا دورہ لیپہ، ایکشن کمیٹی کی جانب سے سائیں باغ میں راستہ روکنے کی ناکام کوشش

وادی لیپہ (کشمیر ڈیجیٹل) وزیر اعظم آزاد کشمیراس وقت لپپہ کے دورے پر ہیں لیکن سائیں باغ کے مقام پر کالعدم ایکشن کمیٹی کے شرپسند عناصر نےافتخار گیلانی کا راستہ روکنے کیلئےسڑکوں پر پتھر پھینکے اور ان کا راستہ روکنے کی ناکام کوشش میں مصروف عمل رہے ۔

تفصیلات کے مطابق آج سہ پہر 3 بج کر 30 منٹ پر کالعدم ایکشن کمیٹی کے 12 سے 15 کارکنان نے تھانہ سٹی کی حدود میں سائیں باغ بازار کے مقام پر مین روڈ لمنیاں ریشیاں بند کرکے احتجاج شروع کر دیا۔

 مزید یہ بھی پڑھیں:بہت ہو گیا، کالعدم ایکشن کمیٹی کا باب اب ہمیشہ کیلئے بند کیا جائے، شہری

واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ سٹی پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور صورت حال کو کنٹرول کرنے کیلئے کارروائی عمل میں لائی۔

پولیس نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے شام 4 بجے بند شاہراہ کو ٹریفک کیلئے مکمل طور پرگاڑیوں کی روانی کیلئے بحال کروا دیا۔

دورانِ کارروائی پولیس نے احتجاج میں شریک کالعدم ایکشن کمیٹی کے 6 کارکنان کو گرفتار کر لیا، جن کے خلاف قانونی کارروائی ضابطے کے مطابق جاری ہے۔

گرفتار ہونیوالے افراد میں اسد شیخ ولد حفیظ اللہ قوم شیخ سکنہ انٹلیاں لیپہ عمر28سال،احمد شفیق ولد محمد شفیق قوم اعوان سکنہ شاریاں،حامد ولد حمید قوم اعوان سکنہ شاریاں،کاشف ولد شفیق قوم اعوان سکنہ شاریاں ،مبشر ولد منیر قوم اعوان سکنہ شاریاں، حسنین ولد قاضی ارشد قوم قاضی سکنہ سندری شامل ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق سڑک کی بندش کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال پر قابو پانے اور ٹریفک کی روانی بحال رکھنے کیلئے فوری اقدامات کئے گئے۔

 مزید یہ بھی پڑھیں:کالعدم ایکشن کمیٹی کی احتجاج، مظاہروں کی کال مسترد،کاروباراوپن، معمولات زندگی رواں دواں

پولیس کی بروقت کارروائی کے بعد علاقے میں صو رت حال معمول پر آ گئی ۔