سرینگر(کشمیر ڈیجیٹل) بھارت کا جنگی جنون عروج پر،مقبوضہ کشمیر کے سرحدی علاقوں میں اعلیٰ بھارتی فوجی کمانڈروں کے یکے بعد دیگرے دورے ، فالس فلیگ کا خدشہ ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارت کے اعلیٰ فوجی کمانڈر یکے بعد دیگرے مقبوضہ جموں وکشمیرکے دورے ، ایل او سی کے قریبی علاقوں میں سکیورٹی صورتحال سخت کردی گئی جبکہ سرحدی علاقے میں عام کشمیریوں کا نکلنا مشکل ہوگیا۔
ْذرائع کے مطابق ایل او سی کے قریب غیر معمولی سکیورٹی الرٹ کردیاگیا جس کے بعد مقبوضہ کشمیر میں صورتحال دن بدن بدلتی جارہی ہے ۔
دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس طرح کے مسلسل دورے معمول کی کارروائی نہیں بلکہ زمینی سطح پر کسی نئی مہم جوئی کا اشارہ دیتے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارت کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل این ایس راجا سبرامنیم نے نومبر کے پہلے ہفتے میں وادی کشمیر کا دورہ کیا۔
جبکہ اس سے ایک روز قبل شمالی کمان کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما بھی شمالی کشمیر کے دورے پر پہنچ گئے جہاں علاقے میں سخت سکیورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔
دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ چیف آف ڈیفنس اسٹاف اور شمالی کمان کے سربراہ کا 24 گھنٹوں کے اندر ایک ہی علاقے کا دورہ کسی بڑے فالس فلیگ کی تیاری کی نشاندہی کرتا ہے ۔
دفاعی ماہرین کے مطابق یہ طرزِ عمل سکیورٹی صورتحال کے حوالے سے بڑھتی ہوئی تشویش، کنٹرول لائن پر ممکنہ کشیدگی یا موسم سرما سے قبل اندرونی علاقوں میں کسی بڑے فوجی آپریشن کی نشاندہی کرتا ہے۔
جنرل سبرامنیم نے وادی کے اپنے پہلے دورے کے دوران تزویراتی اہمیت کے حامل مقامات پر فوجی تعیناتیوں کا جائزہ لیا، دشوار گزار علاقوں میں فوجیوں کی تیاریوں کا معائنہ کیا ۔
بری، بحری اور فضائی افواج کے اہلکاروں سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے تینوں مسلح افواج کے درمیان مشترکہ حکمت عملی، باہمی رابطوں اور آپریشنل صلاحیتوں کو موثر بنانے پر زور دیا۔
اس سے ایک روز قبل لیفٹیننٹ جنرل شرما کو شمالی کشمیر میں کنٹرول لائن اور اندرونی علاقوں میں نگرانی، تربیت، باہمی رابطوں اور آپریشنل طریقہ کار کے بارے میں بریفنگ دی گئی تھی۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مشترکہ فوجی کارروائیوں، نگرانی اور جدید طریقہ کار پر زور، نیز ان دوروں کا وقت ظاہر کرتا ہے کہ یہ معمول کے حوصلہ افزائی دوروں کے بجائے سکیورٹی نظام پر بڑھتی ہوئی توجہ کا حصہ ہیں۔
یہ دورے متنازعہ جموں و کشمیر میں طویل عرصے سے جاری فوجی موجودگی اور جنگی ماحول کے دوران کئے گئے تھے جہاں بڑی تعداد میں فوجی دستوں کی تعیناتی اور مسلسل آپریشنل جائزے سکیورٹی صورتحال کی نمایاں خصوصیات بن چکے ہیں۔




