بہت ہو گیا، کالعدم ایکشن کمیٹی کا باب اب ہمیشہ کیلئے بند کیا جائے، شہری

مظفر آباد کے شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بہت ہو گیا، کالعدم ایکشن کمیٹی کا باب اب ہمیشہ کیلئے بند کیا جائے اور راولاکوٹ کا دھرنا ختم کرایا جائے تاکہ عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔

کشمیر ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے شہریوں نے کہا کہ کالعدم ایکشن کمیٹی کا شروع میں عوامی ایجنڈا تھا،اب ان کا ایجنڈا سامنے آچکا ہے ، انہوں نے لوگوں سے روزگار چھینا، حکومت لچک اور نرمی کو پس پشت ڈالے۔

یہ بھی پڑھیں:کالعدم ایکشن کمیٹی کی احتجاج، مظاہروں کی کال مسترد،کاروباراوپن، معمولات زندگی رواں دواں

شہریوں کا کہنا تھا کہ ریاست کا بہت نقصان ہوچکا ،ریاست مزید نقصان کی متحمل نہیں ہوسکتی، اب دھرنا ختم کرایا جائے، دھرنوں کی وجہ سے ترقیاتی کام رکے ہوئے ہیں، اب ان شرپسندوں سے چھٹکارہ حاصل کرنا ہوگا۔

ایک اور شہری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کالعدم ایکشن کمیٹی نے عوام کو یرغمال بنایا، سکول ، کالجز، بازار بند کرائے، ایک طرف کہا جاتا ہم پرامن ہیں اور دوسری طرف فورسز پر حملے اور فائرنگ کئے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو انتشاری ٹولے سے دور رہنا ہوگا اس سے ہی ان کا مستقبل بہتر ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:کالعدم ایکشن کمیٹی کے 5 ارکان فورتھ شیڈول میں شامل

ایک اور شہری نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اب انتشاری ٹولے کیساتھ چند لوگ موجود ہیں، وزیراعظم نے منصب سنبھالتے ہی انہیں کہا تھا کہ دھرنا ختم کریں آپ سے بات چیت کی جائیگی لیکن ان کا ایجنڈا کوئی اور تھا۔

راولاکوٹ کے جو لوگ رہ گئے ہیں وہ بھی کالعدم ایکشن کمیٹی سے لاتعلقی اختیار کرکے امن ، ترقی کو راستہ دیں،اسی میں ریاست کی بہتری ہے۔