نیلم میں ناقص آٹے کی سپلائی، ایک اور ثبوت سامنے آگیا، عوام میں تشویش

نیلم (راجہ ساجد)ضلع نیلم میں عوام کو بنیادی اشیائے خورونوش، بالخصوص آٹے کی آمیزش زدہ اور ناقص سپلائی کا سنگین معاملہ سامنے آرہا ہے اور ناقص آٹے کی ایک اور ویڈیو سامنے آگئی ہے۔

 گزشتہ روز چلہانہ باب نیلم کے مقام پر مقامی گھرانے کی جانب سے نیلم فلور ملز سے سپلائی کیے جانے والے آٹے کی تصاویر منظرِ عام پر آئی تھیں، جس میں آٹے کی غیر معیاری اور ناقص کوالٹی کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: فیصل ممتاز راٹھور کی آزادکشمیر میں آٹا بحران حل کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز

یہ معاملہ عوامی حلقوں میں زیرِ بحث ہی تھا کہ جمعرات کو اسی علاقے سے ایک اور ویڈیو موصول ہوئی ہے، جس نے آزاد کشمیر کے محکمہ خوراک اور متعلقہ انتظامیہ کی کارکردگی پر گہرے سوالات اٹھا دئیے ہیں۔

عوامی حلقوں نے شدید مایوسی اور غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو ناقص، مضرِ صحت اور غیر معیاری آٹا آزاد کشمیر کے دیگر اضلاع اور علاقوں میں مسترد کر دیا جاتا ہے، اسے ملی بھگت کے تحت وادی نیلم کے معصوم شہریوں کی طرف بھیج دیا جاتا ہے۔

یہ ملاوٹ شدہ آٹا نہ صرف غذائی معیار کے منافی ہے بلکہ وادی میں پیٹ اور دیگر خطرناک بیماریوں کے پھیلنے کا سبب بن رہا ہے۔

 مقامی شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے اعلیٰ حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ خوراک اور متعلقہ انتظامیہ چند پیسوں کے لالچ میں عوام میں موت مت بانٹیں اور اللہ کا خوف کریں۔

یہ بھی پڑھیں:فوڈ اتھارٹی کا ناقص اشیاء کی فروخت پر ایکشن،بھاری جرمانے، سامان بھی تلف

 غریب عوام کو پیسوں کے عوض زہر اور بیماریاں کھلانے کا یہ سلسلہ فوری بند کیا جائے اور انسانی جانوں کے ساتھ کھیلنے والے عناصر کا کڑا احتساب کیا جائے۔

وادی نیلم کے عوام نے وزیرِ اعظم آزاد کشمیر، سیکرٹری خوراک اور مقامی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ چلہانہ باب نیلم اور نیلم فلور ملز کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، آٹے کے کوالٹی چیکنگ کے نظام کو شفاف بنایا جائے اور نیلم ویلی کے شہریوں کو معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔