مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) سابق وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے حکومت پر زور دیا ہے کہ آزاد کشمیر بھر میں آٹے کی فراہمی اور معیار سے متعلق عوامی شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ان کے ازالےکیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں۔
اپنے بیان میں فیصل ممتاز راٹھور کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں آٹے کی فراہمی اور اس کے معیار کے حوالے سے عوامی شکایات مسلسل سامنے آ رہی ہیں، جنہیں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
نیلم سمیت مختلف علاقوں میں آٹے کے معیار اور دستیابی سے متعلق شکایات تشویش ناک ہیں، حکومت کو عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کوٹھیاں جنوبی باغ میں دھرنا ختم، راستے کھلنے پر عوام نے سکھ کا سانس لیا
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں غریب سے امیر تک تمام طبقات ایک ہی آٹا استعمال کرتے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ عوام کو معیاری آٹے کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آٹے کی سبسڈی پر بجٹ کا ایک بڑا حصہ خرچ کیا جا رہا ہے، لہٰذا اس خطیر رقم کے ثمرات براہ راست عوام تک پہنچنے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت آٹے کی دستیابی اور معیار کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر حکمت عملی مرتب کرے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر:ایف بی آر پورٹل پر سیلز ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی اجازت دے دی گئی
فیصل ممتاز راٹھور نے آٹے سے متعلق مسائل کے مستقل حل کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز بھی دی ہے
انہوں نے موجودہ حکومت سے مطالبہ کیا کہ آٹے کی فراہمی اور معیار کو مستحکم بنیادوں پر یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔




