راولاکوٹ: عوامی راستے کھلوانے کی کارروائی کے دوران پولیس اور مسلح عناصر میں فائرنگ کا تبادلہ

راولاکوٹ سے ایک بار پھر تشویشناک اطلاعات سامنے آ رہی ہیں جہاں عوامی راستے کھلوانے اور شہریوں کی مشکلات ختم کرنے کے لیے کی جانے والی کارروائی کے دوران پولیس اور مسلح عناصر کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔

اطلاعات کے مطابق راولاکوٹ بس اسٹینڈ کے قریب قائم غیر قانونی روڈ بلاک ہٹانے کے لیے جب پولیس نے پیش قدمی کی تو وہاں موجود مسلح افراد نے فائرنگ شروع کر دی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس واقعہ میں ایک سے دو افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ پولیس کارروائی کا بنیادی مقصد عوامی راستے بحال کرنا، شہریوں کی مشکلات ختم کرنا اور معمولاتِ زندگی کو دوبارہ معمول پر لانا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: راولاکوٹ: سیکیورٹی فورسز کا بس ٹرمینل پر تیز ترین آپریشن،دھرنا کلیئر کروا لیا

سوشل میڈیا پروپیگنڈا اور سرکاری موقف:

دوسری جانب اس واقعے کے بعد کالعدم ایکشن کمیٹی کی جانب سے ایک مرتبہ پھر سوشل میڈیا پر مختلف دعوے، سوالات اور اطلاعات گردش کر رہی ہیں۔ ایکشن کمیٹی سے منسلک اکاؤنٹس سے کارروائی کے حوالے سے غلط خبریں دی جا رہی ہیں جن کا حقائق سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

سرکاری ذرائع اور حکام نے اس قسم کے بے بنیاد اور گمراہ کن پروپیگنڈے کی سختی سے تردید کی ہے۔ حکام کے مطابق ایسے حالات میں ضروری ہے کہ غیر مصدقہ اطلاعات کے بجائے حقائق سامنے لائے جائیں اور سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہوں پر دھیان نہ دیا جائے، کیونکہ علاقے کی صورتحال کی مسلسل نگرانی جاری ہے اور عوامی حقوق کی آڑ میں مسلح انتشار اور قانون شکنی کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہوگی۔