اسلام آباد:وزیراعظم یوتھ پروگرام اور امریکی ادارے ’پی آر جی‘ کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون، نوجوانوں کی جدید تربیت اور عالمی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے تاریخی مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔
اس موقع پر چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے امریکی وفد کا پرتپاک استقبال کیا اور دونوں ممالک کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون کو پاکستانی نوجوانوں کے مستقبل کے لیے اہم پیشرفت قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان فنانسنگ کا اسٹاف لیول معاہدہ طے پا گیا
رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان شراکت داری سے صحت کے شعبے میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جبکہ میڈیکل بلنگ اور ہیلتھ ٹیکنالوجی کے شعبوں میں پاکستانی نوجوانوں کو عالمی معیار کی جدید تربیت فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے کہاکہ موجودہ دور میں میڈیکل بلنگ اور ہیلتھ ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نوجوانوں کی تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ حکومت نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرکے انہیں عالمی منڈی میں روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام کے مطابق پاکستانی نوجوان میڈیکل اور ہیلتھ کیئر سروسز کے شعبوں میں عالمی سطح پر اہم کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور انہیں بین الاقوامی معیار کے مطابق تربیت فراہم کرکے ان کی صلاحیتوں کو مزید نکھارا جائے گا۔
رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ہر نوجوان کو باعزت اور پائیدار روزگار فراہم کرنے کے عزم کے تحت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم یوتھ پروگرام پاکستانی نوجوانوں کو عالمی روزگار کے مواقع سے منسلک کرنے کے مشن پر گامزن ہے، جبکہ صحت کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون سے پاکستانی خدمات کی برآمدات کو بھی فروغ ملے گا۔
چیئرمین نے بتایا کہ پاک امریکا صحت تعاون کو مؤثر بنانے میں امریکی سیکریٹریٹ کلیدی کردار ادا کرے گا۔
سیکرٹریٹ کی نگرانی اور دونوں ممالک کے درمیان رابطہ کاری کے لیے فوکل پرسن اور کوآرڈینیٹر بھی مقرر کیے جائیں گے۔
اس موقع پر منصور احمد نے کہا کہ امریکی صحت کے شعبے کے ساتھ تعاون سے پاکستان میں میڈیکل بلنگ کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور پاکستانی نوجوانوں کو بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوانے کا موقع ملے گا۔
یہ بھی پڑھیں:ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز کی سیکیورٹی پر اہم معاہدہ طے پا گیا
انہوں نے کہاکہ پاکستانی نوجوانوں کو عالمی سطح پر نمایاں کرنا اس شراکت داری کے اہم مقاصد میں شامل ہے۔
رانا مشہود احمد خان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو جدید تربیت، عالمی سطح پر روزگار کے مواقع اور معاشی خودمختاری فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے، تاکہ پاکستانی نوجوان بین الاقوامی صحت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مؤثر کردار ادا کرسکیں۔




