گوادر میں سکیورٹی فورسز نے مؤثر اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے 7 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق گوادر میں 7 دہشتگردوں کی ہلاکت کے بعد فورسز کا کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ ارد گرد کے علاقے کو آئی ای ڈیز (آئی ای ڈی بموں) سے مکمل طور پر محفوظ بنایا جا سکے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فتنہ الہندوستان کی جانب سے گوادر میں ایک تعمیراتی کمپنی کے خالی کیمپ پر حملے کی کوشش کی گئی تھی جسے فورسز نے ناکام بنا دیا۔
یہ بھی پڑھیں: دہشت گردوں کے خلاف ہر محاذ پر بھرپور کارروائیاں جاری رکھیں گے، فیلڈ مارشل عاصم منیر
کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے ابتدائی جھڑپ میں 3 دہشتگردوں کو موقع پر ہی ہلاک کر دیا تھا، جبکہ گوادر شاہراہ کے قریب واقع ایک ہوٹل میں روپوش 4 دیگر دہشتگردوں کو فورسز نے فوری طور پر گھیرے میں لے لیا۔ بعد ازاں فورسز نے حکمت عملی کے ساتھ آپریشن کرتے ہوئے ان چاروں دہشتگردوں کو بھی ہلاک کر دیا۔
علاقے میں سکیورٹی فورسز کا سرچ اور کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے تاکہ تمام ممکنہ خطرات کو ختم کیا جا سکے۔




