کیپٹن (ر) صفدر کے خواتین سے متعلق ریمارکس پر مریم نواز کا ردعمل آگیا

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کو خواتین سے متعلق غیر مناسب ریمارکس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کا سامنا ہے، جبکہ مریم نواز نے بھی شوہر کے بیان پر اپنا ردعمل ظاہر کردیا ہے۔

مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا کہ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ ایک عورت اور بیوی بند دروازوں کے پیچھے کتنی خاموش جنگیں لڑتی ہے اور ٹوٹنے کے احساس کے باوجود اسے خود کو مضبوط رکھنا پڑتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:دہشتگردوں کے حامیوں کی حمایت،فضل الرحمان سے یہ توقع نہیں تھی، مریم نواز

ان کا کہنا تھا کہ کچھ جنگیں خاموشی سے لڑی جاتی ہیں اور کچھ زخم ایسے ہوتے ہیں جو دکھائی نہیں دیتے۔

مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر نے ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ خواتین کہتی ہیں کہ اپنا جسم اور اپنی مرضی اور جب کینسر ہو جاتا ہے تو کوئی کہتی ہے یہاں کا کینسر ہے ، کوئی کہتی ہے وہاں کا کینسر ہے، جب تمہارا جسم ہے تو وہ ٹھیک کر لو تم۔ جسم تو رب کا ہے، پھر اس وقت کہتی ہیں کہ مولوی صاحب دعا کرو، پانی دم کرکے دو پھر دم اثر نہیں کرتا۔

مریم نواز کا یہ پیغام ایک سوشل میڈیا تنازع کے تناظر میں سامنے آیا، جس میں کیپٹن (ر) صفدر سے منسوب خواتین اور کینسر کے مرض سے متعلق ریمارکس پر تنقید کی گئی۔

اس بحث میں مریم نواز کے خاندان کے ذاتی تجربے کا بھی حوالہ دیا گیا، کیونکہ ان کی والدہ بیگم کلثوم نواز طویل عرصے تک کینسر کے مرض میں مبتلا رہنے کے بعد 11 ستمبر 2018 کو لندن میں انتقال کر گئی تھیں۔

مریم نواز کے پیغام کے بعد کینسر کے علاج سے گزرنے والی خواتین کی جسمانی اور ذہنی مشکلات پر بھی توجہ مبذول ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں:یہ 13سالہ نااہلی کا قصورہے ،مریم نواز کا خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ پر ردعمل

اس حوالے سے علاج کے دوران بال جھڑنے، جسمانی کمزوری، مالی مشکلات، گھریلو ذمہ داریوں اور اہل خانہ کی جذباتی معاونت کی کمی جیسے مسائل کا ذکر کیا گیا۔

مریم نواز کا پیغام خواتین کے لیے ہمدردی، احساس اور مشکل وقت میں ان کی حوصلہ افزائی کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔