ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ، پاکستان نے بھارت کو شکست دیدی، بھارتی کپتان کا غرور خاک میں مل گیا

ہانگ کانگ سکسز 2026 کے ٹورنامنٹ میں پاکستان نے اپنے دوسرے میچ میں روایتی حریف بھارت کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر اہم کامیابی حاصل کرلی ہے۔ قومی ٹیم نے 89 رنز کا ہدف صرف 3.5 اوورز میں حاصل کرکے میچ اپنے نام کرلیا جبکہ پاکستان کے کپتان عباس آفریدی نےہاتھ نہ ملانے والے بھارتی کپتان کو لگاتار 5 چھکے جڑ کر اس کا غرور بھی خاک میں ملا دیا۔

ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ کے گروپ سی کے ایک سنسنی خیز میچ کے دوران بھارتی ٹیم کے کپتان کرونل پانڈیا اور پاکستان کے کپتان عباس آفریدی کے درمیان ٹاس کے موقع پر روایتی مصافحہ نہیں ہوا۔

یہ بھی پڑھیں:راشد خان کی ٹی 20کرکٹ میں 200 وکٹیں، دنیا کے پہلے بولر بن گئے

مشن روڈ گراؤنڈ مونگ کوک میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، تاہم ٹاس کے وقت دونوں کپتانوں نے ایک دوسرے سے ہاتھ نہیں ملایا۔

 پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارتی ٹیم نے مقررہ 6 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 88 رنز بنائے، جس میں ششانک سنگھ کے 40 رنز شامل تھے۔

بھارتی کپتان کرونل پانڈیا کے لیے یہ میچ انتہائی مایوس کن رہا، وہ بیٹنگ میں بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کی اننگز کے دوران بھارتی کپتان کرونل پانڈیا جب گیند کروانے آئے تو ان کا سامنا پاکستان کے کپتان عباس آفریدی سے ہوا، اس دوران عباس نے مسلسل5 گیندوں پر 5 چھکے لگا کر بھارتی کپتان کا غرور خاک میں ملا دیا۔

بھارتی کپتان کے اس اوور میں پاکستانی بیٹرز نے مجموعی طور پر 31 رنز بنائے۔پاکستان نے 89 رنز کا ہدف صرف 3.5 اوورز میں ہی حاصل کر کے میچ 4 وکٹوں سے جیت لیا۔

عباس آفریدی نے محض 8 گیندوں پر 35 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی اور انہیں شاندار کارکردگی پر ’’پلیئر آف دا میچ‘‘ قرار دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:آئی سی سی رینکنگ تبدیل،2 نئے کھلاڑی نمبر ون پوزیشن پر براجمان

کامیابی کے باوجود پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی کا حتمی فیصلہ آج ہوگا، جس کے بعد اگلے مرحلے میں قومی ٹیم کی جگہ واضح ہوجائے گی۔

اس سے قبل ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد دفاعی چیمپئن پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کردیا تھا۔