نیوزی لینڈ میں مستقل رہائش، ویزا حاصل کرنے کا مکمل طریقہ جانیں

نیوزی لینڈ نے پاکستانیوں سمیت غیرملکی ہنرمند افراد کیلئے مستقل رہائش حاصل کرنے کا ایک اہم امیگریشن راستہ متعار ف کروا دیا،جس کے ذریعے مقررہ تعلیمی، پیشہ ورانہ اور ملازمت سے متعلق معیار پر پورا اُترنے والے اُمیدوار رہائشی ویزا حاصل کرنےکیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔

خاندان کو بھی ساتھ لے جانے کی سہولت
ویزا پروگرام کی نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ کامیاب درخواست گزار اپنے شریک حیات اور 24 سال تک کی عمر کے ز یرکفالت بچوں کو بھی درخواست میں شامل کر سکتے ہیں۔ اہل افراد کیلئے صرف ملازمت ہی نہیں بلکہ اہلِ خانہ کے ساتھ نیوزی لینڈ میں زندگی گزارنے کا راستہ بھی کھل سکتا ہے۔

عمر اور دیگر بنیادی شرائط
درخواست دینے والے اُمیدوار کی عمر 55 سال سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔ اس کے علاوہ صحت، اچھے کردار اور انگریزی زبان کی مطلوبہ قابلیت ثابت کرنا بھی ضروری ہے۔ امیگریشن حکام کی جانب سے مقرر کردہ دیگر شرائط پر پورا اُترنا بھی لازمی ہے۔

ملازمت کی پیشکش ہونا ضروری
رہائشی ویزا کے حصول کیلئے نیوزی لینڈ کے کسی تسلیم شدہ آجر کی جانب سے کل وقتی ملازمت کی پیشکش بنیادی تقاضوں میں شامل ہے۔ ملازمت کے تحت ہفتہ وار کم از کم 30 گھنٹے کام کرنا ضروری ہے جبکہ اُمیدوار کو اسکلڈ ریزیڈنٹ کیٹیگری کے مقررہ معیار کے مطابق چھ پوائنٹس حاصل کرنا ہوتے ہیں۔

درخواست کا طریقہ کار کیا ہے؟
ویزا کے حصول کے ابتدائی مرحلے میں اُمیدوار کو اظہارِ دلچسپی یعنی ایکسپریشن آف انٹرسٹ (EOI) جمع کرانا ہوتا ہے۔ اس مرحلے پر کوئی فیس وصول نہیں کی جاتی۔ اگر اُمیدوار کا پروفائل مطلوبہ معیار پر پورا اترے تو اسے ای میل کے ذریعے مکمل درخواست جمع کرانے کی دعوت دی جاتی ہے۔ دعوت نامہ موصول ہونے کے بعد درخواست گزار کو دستاویزات جمع کرانے کیلئے 4ماہ کی مہلت ملتی ہے۔

 ویزا فیس اور مطلوبہ دستاویزات
رہائشی ویزا کی ابتدائی درخواست فیس 6 ہزار 450 نیوزی لینڈ ڈالر سے شروع ہوتی ہے۔ درخواست کے ساتھ تعلیمی قابلیت کے سرٹیفکیٹس، ملازمت کا ثبوت، پیشہ ورانہ تجربے کا ریکارڈ، شناختی دستاویزات اور صحت و کردار سے متعلق ضروری کاغذات فراہم کرنا ہوتے ہیں۔

ہنرمند افراد کیلئے مستقبل کے نئے امکانات
نیوزی لینڈ کا یہ امیگریشن راستہ ان غیر ملکی پیشہ ور افراد کے لیے ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے جو اپنی مہارت اور تجربے کی بنیاد پر بیرونِ ملک مستقل رہائش حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستانی ہنرمندوں کے لیے جرمنی کا چانس کارڈ متعارف

تاہم درخواست جمع کرانے سے پہلے امیدواروں کو امیگریشن نیوزی لینڈ کی سرکاری ویب سائٹ پر تازہ ترین اہلیت، پوائنٹس سسٹم، ملازمت کے معیار اور ویزا فیس کی تصدیق کرنی چاہیے، کیونکہ امیگریشن پالیسیوں اور شرائط میں تبدیلی ممکن ہے۔