عوامی مینڈیٹ چوری کرنیوالوں کو نشانِ عبرت بنائینگے : جاوید بڈھانوی

 کوٹلی (کشمیر ڈیجیٹل) سابق وزیر خوراک اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما جاوید اقبال بڈھانوی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں ن لیگ نے مبینہ دھاندلی کے ذریعے عوامی فیصلے کو روندتے ہوئے اقتدار حاصل کیا۔

 ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کو عوامی حمایت حاصل نہیں تھی اسی لیے انتخابی نتائج میں ردوبدل کے ذریعے اقتدار تک پہنچنے کا راستہ اختیار کیا گیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مینڈیٹ واپس،مختار یونس کے قاتلوں کو گرفتار نہ کیا تو احتجاج کرینگے، جاوید بڈھانوی

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاوید اقبال بڈھانوی نے کہا کہ جمہوریت کی بنیاد عوامی رائے اور ووٹ کے احترام پر قائم ہوتی ہے لیکن جب عوام کے فیصلے کو تسلیم کرنے کے بجائے انتخابی عمل متنازع بنایا جائے تو جمہوری نظام پر اعتماد کمزور پڑتا ہے۔

 انہوں نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی کی عوامی مقبولیت سے خوفزدہ ہو کر اس کے انتخابی مینڈیٹ پر شب خون مارا گیا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوامی حقوق کی محافظ جماعت ہے اور اپنے کارکنوں، ووٹرز اور عوام کے حق کی آواز ہر فورم پر بلند کرتی رہے گی۔

 انتخابی نتائج سے متعلق تحفظات کو نظرانداز نہیں کیا جائیگا اور اس معاملے پر پارٹی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ جاوید اقبال بڈھانوی نے واضح کیا کہ نکیال سمیت آزاد کشمیر کا کوئی علاقہ کسی کی ذاتی جاگیر یا چراگاہ نہیں ۔

یہ خطہ یہاں بسنے والے عوام کی ملکیت ہے اور اس کے قدرتی وسائل پر بھی انہی کا حق ہے۔ عوامی حقوق اور وسائل کے تحفظ کیلئے ہر سطح پر مزاحمت کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ چرانے والوں کا قبر تک پیچھا کریں گے۔ پیپلز پارٹی کی سیاسی جدوجہد کا بنیادی مقصد عوامی مسائل کا حل، جمہوریت کا استحکام اور شہریوں کے سیاسی و معاشی حقوق کا تحفظ ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پیپلز پارٹی ہر طبقے اور ہر فرد کو ساتھ لیکر چلنے پر یقین رکھتی ہے، جاوید بڈھانوی

ان کامزید کہنا تھا کہ پارٹی قیادت نے جمہوریت اور عوام کیلئے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور یہ جدوجہد آئندہ بھی جاری رہے گی۔