لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ سینئر سیاستدان فضل الرحمان خود دہشتگردی کا شکار رہے ہیں، ان سے دہشت گردی کی پشت پناہی کرنے والوں کی حمایت کی توقع نہیں تھی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں مریم نوازنے کہا کہ خیبرپختونخوا کی بربادی کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لانے کے بجائے ان کی حمایت افسوسناک ہے، جن لوگوں کی حمایت کی جارہی ہے، کیا وہ 13 سال میں کسی شہید کے جنازے میں شریک ہوئے؟
یہ بھی پڑھیں: فضل الرحمن اپنا اقتدار بچانے کیلئے قومی سلامتی دائو پر لگا رہےہیں،چوہدری عطاء الرحمن
مریم نوازنے الزام عائد کیا کہ جن لوگوں کی حمایت کی جارہی ہے، انہوں نے دہشت گردوں کو پناہ دی، انہیں وسائل اور پناہ گاہیں فراہم کیں اورصوبے کی زمین دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے خیبرپختونخوا میں نااہلی کے انبارلگا دیے اورصوبے کے عوام کی زندگیاں تباہ کرکے انہیں دہشت گردی کی نذر کردیا، صوبے کے قیمتی وسائل دھرنوں اوراحتجاجوں پرخرچ کردیے گئے جبکہ 13 قیمتی سال کرپشن اور نااہلی کی نذر ہوگئے۔
انہوں نے فضل الرحمان کے آرمی چیف سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جس سپہ سالار نے معرکہ حق میں ملک کو تاریخی فتح سے ہمکنار کیا اور جس کی قیادت میں پاکستان کو حرمین شریفین کے تحفظ کا اعزاز ملا، اس کے بارے میں فضل الرحمان کے الفاظ نے ہر محبِ وطن پاکستانی کا دل دکھایا ہے۔
مریم نوازنے کہا کہ پاک فوج کے افسراورجوان دہشت گردی ختم کرنے کے لیے اپنے سینوں پرگولیاں کھا رہے ہیں، ہر روز کوئی ماں، بہن یا بیوی اپنے پیارے کو سبز ہلالی پرچم میں لپٹا دیکھتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہدا کو سلام پیش کرنے کے بجائے دہشت گردی کے حامیوں کا ساتھ دینا مولانا فضل الرحمان کے شایان شان نہیں، ان کی جماعت نے خود دہشت گردی کے زخم سہے ہیں اور ان کے ساتھیوں نے شہادتیں دی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ جن لوگوں کی حمایت میں مولانا فضل الرحمان آج کھڑے ہیں، وہ ماضی میں ان کے خلاف ناشائستہ زبان استعمال کرتے اورذاتی حملے کرتے رہے ہیں، دہشت گردی کے متاثرین کا دہشت گردی کی پشت پناہی کرنے والوں کے ساتھ کھڑا ہونا ان کی سمجھ سے باہر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: قوم فضل الرحمن کی تکلیف جان چکی، جوانوں کی قربانیاں ہضم نہیں ہورہی، چوہدری رخسار
مریم نواز نے اپنے بیان میں خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں اپنی حکومت کے خاتمے کی ذمہ دار تحریک انصاف خود ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے فوجی اہلکاروں اور دیگر شہدا کی قربانیوں کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا اور دہشت گردی کے ذمہ داروں کی حمایت کے بجائے ان کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے۔




