اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)وزارت اطلاعات و نشریات نے اپنے ایک بیان میں کہا ہےکہ طالبان حکومت کے ترجمان کا حالیہ بیان رجیم کی انتہائی گمراہ کن سوچ کو بے نقاب کرتا ہے۔
وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاک افغان تعلقات میں موجود تناؤ کی سب سے اہم وجہ افغان سرزمین سے پاکستان کیخلاف ہونے والی دہشت گردانہ کارروائیاں ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:انگور اڈہ واقعہ،افغان طالبان کا دعویٰ جھوٹ ومن گھڑت، وزارت اطلاعات
افغان طالبان حکومت کی طرف سے ان سرگرمیوں کی روک تھام میں مسلسل ناکامی دوطرفہ تعلقات کی بہتری میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
وزارت اطلاعات نے واضح کیا کہ کابل حکومت پر لازم ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان کیخلاف دہشت گردی کیلئے استعمال ہونے سے روکنے کی ذمہ داری پوری کرے۔
پاکستان اپنی قومی سلامتی اور شہریوں کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات کرنے کا مکمل حق محفوظ رکھتا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ الزام تراشی اور محض یقین دہانیوں سے موجودہ بحران حل نہیں ہوگا۔
پاکستان کا مؤقف واضح ہے کہ دہشت گردی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا اور یہ ملکی سلامتی کے حوالے سے ایک ناقابلِ عبور ریڈ لائن ہے۔
وزارت اطلاعات کے مطابق پاکستانی عوام کی جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیح ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:عمران خان کو قید تنہائی میں رکھنے کے الزامات مسترد،ملاقاتوں کو سیاسی پیغام رسائی کیلئے استعمال نہیں کیا جا سکتا،وزارت اطلاعات
پاکستان اپنے شہریوں کی حفاظت کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھانے کے عزم پر قائم ہے اور اس عزم کو کسی صورت کمزوری نہ سمجھا جائے۔




