چکار، نون بگلہ جنگل سے درختوں کی کٹائی پر سیکرٹری جنگلات جائزہ لینے پہنچ گئے، سخت کارروائی کی ہدایت

چکار : سیکرٹری جنگلات، وائلڈ لائف و فشریز سردار انصر یعقوب نے عوامی شکایات پر نون بگلہ بلاک کا ہنگامی دورہ کیا اور جنگل کو پہنچانے جانے والے نقصان کا تفصیلی جائزہ لیا اور جنگل کو نقصان پہنچانے پر سخت کارروائی کا حکم دیا۔

دورے کے دوران ناظم اعلیٰ جنگلات علاقائی ملک اسد محمود، ناظم جنگلات میر نصیر احمد، انچارج چھاپہ مار ڈویژن سہیل ناصر خان، مہتمم جنگلات ہٹیاں ڈویژن مطلوب رینج آفیسر چھاپہ مار ڈویژن، رینج آفیسر چکار اور دیگر اہلکاروں نے نون بگلہ بلاک، اندرا سیری بیٹ، کمپارٹمنٹ نمبر 5 اور 6 کے مقامات موسومہ نیڑیاں، میدان گلی، ڈھارا، پھلڑاں والی کسی  اور ٹھیکریاں پر نقصان جنگل کا معائنہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں:وادی لیپہ ،جنگلات کے تحفظ کیلئے بلدیاتی نمائندگان میدان میں آگئے، وقار نور سے ملاقات

سیکرٹری جنگلات نے نقصان جنگل کے حوالے سے موصول ہونے والی عوامی شکایات پر چکار کے جنگلات کا موقع پر جا کر خود معائنہ کیا اور سبز درختوں کے کٹاؤ اور جنگلات کو پہنچنے والے دیگر نقصان کی صورتحال کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر سیکرٹری جنگلات اور ناظم اعلیٰ جنگلات نے متعلقہ افسران اور عملے کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جنگلات کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ نقصان جنگل میں ملوث ملزمان اور عناصر کے خلاف فوری اور سخت سے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:جنگلات کے تحفظ کیلئے کمیٹیاں تشکیل، 57لاکھ پودے لگائے گئے،وزیر جنگلات وقار نور

یاد رہے کہ چکار اور حلقہ کھاوڑہ مظفرآباد سے متصل نون بگلہ جنگل سے درختوں کی کٹائی کی شکایات زبان زد عام ہیں ، سیکرٹری جنگلات انصر یعقوب نے چارج سنبھالتے ہی ایکشن لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ انصر یعقوب کو حال ہی میں سیکرٹری جنگلات تعینات کیا گیا ہے۔