جنگلات کے تحفظ کیلئے کمیٹیاں تشکیل، 57لاکھ پودے لگائے گئے،وزیر جنگلات وقار نور

ہٹیاں بالا ( کشمیر ڈیجیٹل/عمر بھٹی راجپوت) وزیر جنگلات آزاد کشمیر کرنل (ر) وقار نور نے کہا کہ جنگلات کا تحفظ صرف محکمہ جنگلات کی ذمہ داری نہیں بلکہ اس قومی فریضہ ہے۔

قومی فریضے کی ادائیگی کیلئے مقامی کمیونٹی، سول سوسائٹی اور شہریوں کو بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ محکمہ جنگلات کے عملے اور عوام کو مل کر شجرکاری کرنی چاہیے۔

لگائے گئے پودوں کی نگہداشت اور حفاظت کو یقینی بنانا چاہیے تاکہ سرسبز و شاداب آزاد کشمیر کے خواب کو حقیقت میں بدلا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع جہلم ویلی، بالخصوص ہٹیاں بالا کے علاقے میں گزشتہ چند برسوں کے دوران محکمہ جنگلات کی جانب سے 57 لاکھ پودے لگائے گئے ہیں۔

جبکہ شجرکاری کے فروغ اور جنگلات کے تحفظ کیلئے مزید مؤثر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔اس موقع پر سیکرٹری حکومت چوہدری فرید ، محکمہ جنگلات کے افسران ، ڈپٹی کمشنر عفت اعظم  بھی موجود تھے ۔

این جی اوز فورم کے صدر سید احسان گیلانی ، ڈسٹرکٹ پریس کلب کے سابق صدر زاہد اعوان ، جنرل سیکرٹری مبارک حسین اعوان ، سابق جنرل سیکرٹری انصار نقوی بھی موجود تھے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مہاجرین جموں وکشمیر مقیم پاکستان کے تحفظ کیلئے کردار ادا کرینگے،وزیرمالیات راجہ ریاست

وزیر جنگلات کرنل وقار نور نے کہا کہ جنگلات کے تحفظ کیلئے یونین کونسل کی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی جا رہی ہیں۔

جن میں سول سوسائٹی، اساتذہ، مقامی کونسلرز، خطباء اور آئمہ مساجد سمیت معاشرے کے مختلف طبقات کے نمائندوں کو شامل کیا جائے گا۔

ان کمیٹیوں کا مقصد عوام میں جنگلات کی اہمیت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا، غیر قانونی کٹائی کی روک تھام میں معاونت کرنا اور شجرکاری کے بعد پودوں کی حفاظت و نگہداشت کو یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنگلات کے تحفظ کی مہم کو عوامی تحریک بنانے کے لیے ہر طبقے کو ساتھ لے کر چلنا ضروری ہے، کیونکہ عوامی تعاون کے بغیر جنگلات کی مؤثر حفاظت ممکن نہیں۔

این جی اوز فورم کے صدر سید احسان الحسن گیلانی نے تحفظ اشجار اور جنگلات کے فروغ کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں۔

انہوں نے جنگلات کی حفاظت کیلئے حکومتی اقدامات کے ساتھ مقامی آبادی، سماجی تنظیموں اور تعلیمی اداروں کی مؤثر شمولیت ناگزیر ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:خواتین کی قانونی معاونت ،میرپور میں پہلا ویمن پولیس اسٹیشن کے افتتاح کی تیاریاں مکمل

مقامی سطح پر کمیونٹی کو ذمہ داریاں سونپ کر اور متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون بڑھا کر جنگلات کے تحفظ کی کوششوں کو زیادہ مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر کرنل (ر) وقار نور نے کہا کہ حکومت اور محکمہ جنگلات شجرکاری کے فروغ کے لیے خطیر وسائل خرچ کر رہے ہیں اور گزشتہ چند برسوں کے دوران پلانٹیشن پر 8 سے 10 ارب روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔

اب ضرورت اس امر کی ہے کہ شجرکاری کو محض پودے لگانے تک محدود رکھنے کے بجائے ان کی بقا، افزائش اور مناسب نگہداشت پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ شجرکاری مہم میں تین سے چار فٹ قد کے پودے لگانے پر توجہ دی جائے گی تاکہ ان کی بہتر نشوونما اور حفاظت کے امکانات بڑھائے جا سکیں۔

وزیر جنگلات کرنل ر  وقار نور نے کہا کہ جنگلات ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کم کرنے، آبی وسائل کے تحفظ اور قدرتی حسن کو برقرار رکھنے میں بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔

جنگلات کی بے دریغ کٹائی نہ صرف ماحول بلکہ انسانی زندگی، جنگلی حیات اور قدرتی وسائل کیلئے بھی سنگین خطرات پیدا کرتی ہے۔

انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ درختوں کی غیر قانونی کٹائی کی حوصلہ شکنی کریں، جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات کی روک تھام میں تعاون کریں ۔

اپنے گھروں، تعلیمی اداروں، سرکاری عمارتوں اور خالی جگہوں پر زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہر شہری کم از کم ایک درخت لگانے اور اس کی مکمل حفاظت کرنے کا عہد کر لے تو اجتماعی کوششوں سے آزاد کشمیر کو مزید سرسبز بنایا جا سکتا ہے۔

جنگلات کی حفاظت آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے، اس لیے حکومت، محکمہ جنگلات، سماجی تنظیموں اور عوام کو باہمی اشتراک سے اس قومی ذمہ داری کو پورا کرنا ہوگا۔