آزادکشمیر ، کاروباری خواتین کو سہولیات فراہمی کیلئے تربیتی نشستوں کا اہتمام

مظفرآباد : ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری آزاد جموں و کشمیر نے خواتین کاروباری شخصیات کو مالی سہولیات تک رسائی دینے اور ان کے کاروبار کو مستحکم بنانے کے لیے اپنی کوششیں تیز کرتے ہوئے اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اشتراک سے مظفرآباد میں 2مقامات پر خصوصی تربیتی نشستوں کا انعقاد کیا۔

 آزاد کشمیر کی خواتین کاروباری شخصیات کیلئے مالی سہولیات تک رسائی‘‘ کے موضوع پر منعقدہ ان نشستوں میں بڑی تعداد میں خواتین کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: خواتین کی قانونی معاونت ،میرپور میں پہلا ویمن پولیس اسٹیشن کے افتتاح کی تیاریاں مکمل

 تربیتی پروگرام کا مقصد دستیاب مالیاتی اسکیموں، بینکاری طریقہ کار اور کاروباری قرضوں تک رسائی کے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا۔

صدر ڈاکٹر سدرہ آزاد کی قیادت میں ویمن چیمبر کی گورننگ باڈی کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی یہ سرگرمی خواتین کی معاشی خودمختاری، کاروباری ترقی اور مالیاتی اداروں کے ساتھ مؤثر روابط کے فروغ کیلئے چیمبر کے بڑھتے ہوئے کردار کی عکاس ہے۔

 ویمن چیمبر خواتین کاروباری شخصیات کے مسائل متعلقہ اداروں تک پہنچانے، خواتین دوست مالیاتی سہولیات کی وکالت کرنے اور کاروباری خواتین کو ادارہ جاتی معاونت سے منسلک کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔

تربیتی نشستوں میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان، ریجن آزاد کشمیر کے ایڈیشنل ڈائریکٹر مسٹر احتشام، سمیڈا کے ریجنل ہیڈ چوہدری رخسار، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سمیڈا مظفرآباد نسیم علی اور نیشنل بینک کے ٹرینر فرخ جاوید نے شرکت کی۔

ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری آزاد کی صدر سدرہ آزاد ، سینئر نائب صدر ماریہ گیلانی، نائب صدور طیبہ بخاری، مومنہ بتول، نصرت درانی نے خواتین کے ہمراہ شرکت کی۔

شرکاء نے خواتین کے زیر انتظام کاروباروں کو درپیش مالی مشکلات، بینکوں سے قرضوں کے حصول میں رکاوٹوں اور رسمی مالیاتی سہولیات تک محدود رسائی سے متعلق اہم سوالات اٹھائے۔

 کاروباری خواتین نے تربیتی نشستوں کو مفید قرار دیتے ہوئے ویمن چیمبر، اسٹیٹ بینک اور سمیڈا کی مشترکہ کاوشوں کو سراہا اور خواتین کی مالی شمولیت کے لیے ایسے اقدامات کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد میں الیکٹرک سکوٹیوں کے چارجنگ سپاٹس کی شدید قلت،خواتین شدید مشکلات کا شکار

ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری آزاد کشمیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ خواتین کے لیے قابلِ رسائی مالیاتی سہولیات، مالیاتی اداروں کے ساتھ مضبوط روابط اور کاروباری معاونت کے مؤثر نظام کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا، بالخصوص گھریلو کاروباروں، دستکاری، چھوٹی صنعتوں، نئے کاروباری منصوبوں اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں سے وابستہ خواتین کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔

چیمبر کے مطابق خواتین کو مالی وسائل تک موثر رسائی فراہم کرنا نہ صرف ان کے کاروبار کی ترقی بلکہ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور آزاد کشمیر کی پائیدار معاشی ترقی کے لیے بھی ناگزیر ہے۔