میرپور،مہنگی اور ایکسپائر اشیاء فروخت کرنے پرایکشن، بھاری جرمانہ

میرپور :ڈپٹی کمشنر میرپور کی ہدایات پر تحصیلدار میرپور چوہدری عمران یوسف نے مہنگے داموں اشیائے ضروریہ فروخت کرنے اور ایکسپائری مصنوعات کی فروخت کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ٹوٹل پمپ پر قائم سٹاپ شاپ کو جرمانہ کر دیا، جبکہ دکان سے ایکسپائری اشیاء بھی ضبط کر لی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر میرپور کی جانب سے عوام کو مقررہ نرخوں پر معیاری اور قابلِ استعمال اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے جاری ہدایات کی روشنی میں تحصیلدار میرپور چوہدری عمران یوسف نے ٹوٹل پمپ پر قائم سٹاپ شاپ کا معائنہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں ہیپاٹائٹس کی مفت سکریننگ اور علاج کی سہولت شروع

کارروائی کے دوران زائد قیمتوں پر اشیاء فروخت کرنے اور ایکسپائری مصنوعات رکھنے کے معاملے پر متعلقہ دکان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔

انتظامیہ نے خلاف ورزی پر دکان کو جرمانہ کرنے کے علاوہ ایکسپائری اشیاء کو بھی ضبط کر لیا۔

 اس موقع پر متعلقہ دکاندار کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ وہ تمام اشیاء مقررہ سرکاری نرخوں کے مطابق فروخت کرے اور دکان میں موجود مصنوعات کی معیادِ استعمال کا باقاعدگی سے جائزہ لے تاکہ صارفین کو کسی قسم کی پریشانی یا نقصان کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

تحصیلدار میرپور چوہدری عمران یوسف نے دکاندار کو واضح طور پر خبردار کیا کہ آئندہ مقررہ نرخوں کی خلاف ورزی یا ایکسپائری اشیاء کی فروخت کی صورت میں مزید سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور دکان کو سیل بھی کیا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:غیریقینی صورتحال مہنگائی میں اضافے کا سبب، شرح سود میں اضافہ ناگزیر تھا، گورنر اسٹیٹ بینک

انتظامیہ کی جانب سے اس کارروائی کا مقصد عوام کو ناجائز منافع خوری اور زائد قیمتوں سے تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ایکسپائری اشیاء کی فروخت کی روک تھام اور صارفین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔