وزیر تعلیم کے مختلف تعلیمی اداروں کے دورے،مسائل حل کرنے کا حکم

مظفرآباد: وزیر تعلیم سکولز آزاد کشمیر انجینئر عمیر نعیم ایڈووکیٹ نے مظفرآباد کے مختلف سرکاری تعلیمی اداروں کا اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے تعلیمی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے ساتھ تدریسی و غیر تدریسی عملے، طلبا اور طالبات سے ملاقات کی اور انہیں درپیش مسائل سنے۔ 

وزیر تعلیم نے متعلقہ حکام کو مسائل کے حل کے لیے ضروری احکامات بھی جاری کیے۔

یہ بھی پڑھیں:تاریخی سکول آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم، بچے کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور

تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم انجینئر عمیر نعیم ایڈووکیٹ نے اپنے دورے کے دوران سید ذاکر حسین گرلز سکول نڑول، گورنمنٹ بوائز ہائی سکول نڑول، گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری سکول گوجرہ اور گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول گوجرہ کا معائنہ کیا۔

دورے کے موقع پر وزیر تعلیم نے تعلیمی اداروں میں موجود تدریسی اور غیر تدریسی عملے سے ملاقات کی اور اداروں کو درپیش انتظامی و تعلیمی مسائل کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

 انہوں نے طلباء اور طالبات سے بھی گفتگو کی اور ان کے مسائل اور ضروریات کو سنا تاکہ تعلیمی ماحول کو مزید بہتر بنانے کے لیے موثر اقدامات کیے جا سکیں۔

وزیر تعلیم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں اور طلبہ کو بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں موثر انداز میں ادا کی جائیں۔

انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ سرکاری تعلیمی اداروں کی بہتری، معیاری تعلیم کا فروغ اور طلبہ کو سازگار تعلیمی ماحول کی فراہمی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:محکمہ تعلیم کی کارکردگی بہتر کرنے کیلئے احتساب ناگزیر ہے،اظہر صادق

تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کے لیے اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لینا اور زمینی سطح پر مسائل کی نشاندہی کرنا ضروری ہے۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی بہتری، معیاری تعلیم کا فروغ اور طلبہ کے مسائل کا حل ترجیحات میں شامل ہے۔ اس سلسلے میں تعلیمی اداروں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے بہتری کے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔