نیلم :محکمہ صحت کی کارکردگی کا اعتراف، افسران کو شیلڈز سے نواز ا گیا

نیلم(کشمیر ڈیجیٹل) محکمہ صحت عامہ ضلع نیلم نے آزاد جموں و کشمیر بھر میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے شعبہ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

 ای پی آئی پروگرام کے تحت بہتر طبی خدمات کی فراہمی کے حوالے سے تھرڈ پارٹی سروے میں ضلع نیلم کی نمایاں کارکردگی سامنے آنے پر محکمہ صحت کے آفسران کو اعزازی شیلڈز سے نوازا گیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاک فوج اور محکمہ صحت آزاد کشمیر کے اشتراک سے ایل او سی پر ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ

اس سلسلے میں سیکرٹری صحت عامہ آزاد کشمیر بریگیڈیئر تاشفین نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نیلم ڈاکٹر سردار سجاد حسین، اسسٹنٹ ڈائریکٹر و سرویلنس آفیسر سید مبشر گیلانی اور ڈی ایس وی ضیاء الدین کو اعزازی شیلڈز پیش کیں۔

 اس موقع پر پی پی ایم ڈاکٹر سردار منظور حسین بھی موجود تھے۔محکمہ صحت نیلم کے افسران کو شیلڈز کی فراہمی ای پی آئی پروگرام کے تحت معیاری طبی خدمات کی فراہمی، مؤثر نگرانی اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی بہترین انجام دہی کا اعتراف ہے۔

 تھرڈ پارٹی سروے میں ضلع نیلم کی نمایاں کارکردگی محکمہ صحت کے افسران اور عملے کی محنت، مؤثر حکمت عملی اور عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے عزم کی عکاس ہے۔

دشوار گزار جغرافیائی حالات اور محدود وسائل کے باوجود ضلع نیلم میں صحت عامہ کی خدمات کو بہتر بنانے، حفاظتی ٹیکہ جات کے پروگرام پر مؤثر عمل درآمد اور بیماریوں کی بروقت نشاندہی و نگرانی کیلئےمحکمہ صحت کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔

یہ اعزاز محکمہ صحت نیلم کیلئے باعثِ فخر ہونے کے ساتھ ساتھ افسران اور عملے کی حوصلہ افزائی کا ذریعہ بھی ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:محکمہ صحت حکام کے چھاپے، میڈیکل اسٹور، کلینک سیل، وارننگ جاری

 اس سے صحت عامہ کے شعبے میں مزید بہتری لانے اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے مؤثر اقدامات جاری رکھنے کی حوصلہ افزائی ہوگی۔