آسٹریا نے اہل اور ہنرمند افراد کے لیے ’ریڈ وائٹ ریڈ کارڈ‘ کے ذریعے ملک میں رہائش اور روزگار کا موقع فراہم کردیا ہے۔
روزگار اور رہائش کا موقع
پروگرام کے تحت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ہنرمند غیر ملکی افراد آسٹریا میں ملازمت حاصل کرکے قانونی طور پر رہائش اختیار کرسکتے ہیں۔
کارڈ کی مدت
آسٹریا کی سرکاری معلومات کے مطابق ریڈ وائٹ ریڈ کارڈ عموماً 24 ماہ کیلئے جاری کیا جاتا ہے اور اس دوران کارڈ ہولڈر کو اسی آجر کے پاس کام کرنے کی اجازت ہوتی ہے جس کا ذکر درخواست میں کیا گیا ہو۔
کون اہل ہے؟
مذکورہ پروگرام کے تحت اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد، ہنرمند کارکنان، آسٹریا کی جامعات سے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات اور نئے کاروباری افراد کے لیے مختلف مواقع موجود ہیں۔
درخواست کی شرائط
رپورٹ کے مطابق محض کسی شعبے میں تجربہ رکھنے یا آسٹریا میں صرف ملازمت کی خواہش کرنے سے ریڈ وائٹ ریڈ کارڈ حاصل نہیں کیا جاسکتا بلکہ ہر زمرے کیلئے مقررہ شرائط پوری کرنا لازمی ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:اٹلی جانے کے خواہشمند پاکستانی شہریوں کیلئے اہم انتباہ، غیر قانونی ہجرت کے خلاف سخت ہدایات جاری
خاص طور پر پاکستانی ہنرمندوں کیلئے متعلقہ پیشے کی تربیت یا قابلیت کا ثبوت، آسٹریا کے آجر کی باقاعدہ ملازمت کی پیشکش اور مقررہ پوائنٹس سمیت دیگر شرائط پوری کرنا ہوتی ہیں۔
تعلیم اور تجربہ
ہنرمند پیشوں سے وابستہ اُمیدواروں کی اہلیت کا جائزہ عموماً تعلیم یا پیشہ ورانہ تربیت، متعلقہ کام کے تجربے، عمر اور زبان کی مہارت جیسے عوامل کی بنیاد پر لیا جاتا ہے۔
اس لیے اُمیدواروں کیلئے ضروری ہے کہ وہ اپنے فنی سرٹیفکیٹس، تجربے کے ثبوت اور جرمن یا انگریزی زبان کی مہارت سے متعلق دستاویزات پہلے سے تیار رکھیں۔
پیشہ ورانہ منظوری
آسٹریا میں کسی شعبے میں عمومی طور پر ملازمین کی طلب ہونا کافی نہیں۔ زیادہ تر غیر ریگولیٹڈ پیشوں میں غیر ملکی اسناد کی منظوری لازمی نہیں ہوتی، تاہم حکام درخواست کے ساتھ جمع کرائی گئی دستاویزات کی بنیاد پر امیدوار کی قابلیت کا جائزہ لیتے ہیں۔
اس کے برعکس صحت، نرسنگ اور بعض دیگر ریگولیٹڈ پیشوں میں متعلقہ فرد کی پیشہ ورانہ اہلیت کی باضابطہ منظوری ضروری ہوسکتی ہے۔ ایسے شعبوں میں صرف ملازمت کی پیشکش مل جانا پیشہ اختیار کرنے کیلئے کافی نہیں ہوتا۔
کارڈ پلس کی سہولت
ریڈ وائٹ ریڈ کارڈ حاصل کرنے والے افراد کیلئے ترقی کے مواقع بھی موجود ہیں۔ مقررہ مدت کے دوران شرائط کے مطابق ملازمت جاری رکھنے والے اہل افراد بعد میں ’ریڈ وائٹ ریڈ کارڈ پلس‘ کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔
پاکستانیوں کے لیے ہدایت
پاکستانی ہنرمند افراد کیلئے ضروری ہے کہ وہ کسی ایجنٹ یا غیر سرکاری دعوے پر انحصار کرنے کے بجائے اپنے مخصوص پیشے کی موجودہ فہرست، آسٹریا کے آجر کا ملازمت کا آفر لیٹر، تنخواہ، زبان، تعلیمی یا فنی اسناد اور دیگر مطلوبہ شرائط کی سرکاری ذرائع سے تصدیق کریں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کینیڈا میں اعلیٰ تعلیم کے خواہشمند طلباء کیلئے بڑی خوشخبری، 2ہفتوں میں ویزہ ملے گا
ہوٹلنگ، کھانا پکانے، ریسٹورنٹ سروسز، آئی ٹی، انجینئرنگ، ڈرائیونگ اور دیگر فنی شعبوں سے وابستہ امیدوار اپنی اہلیت کے مطابق اس پروگرام کا جائزہ لے سکتے ہیں، تاہم کسی بھی شعبے میں ملازمت کی طلب کو ویزا یا ریڈ وائٹ ریڈ کارڈ کی خودکار ضمانت نہیں سمجھنا چاہیے۔
سرکاری معلومات
آسٹریا میں رہائش اور کام کیلئے ریڈ وائٹ ریڈ کارڈ کی مختلف کیٹیگریز، شرائط اور سرکاری معلومات آسٹریا کی سرکاری امیگریشن ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔




