اٹلی جانے کے خواہشمند پاکستانی شہریوں کیلئے اہم انتباہ، غیر قانونی ہجرت کے خلاف سخت ہدایات جاری

اٹلی جانے کے خواہشمند پاکستانی شہریوں کیلئے ایک اہم اطلاع سامنے آئی ہے جہاں بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے غیر قانونی ہجرت کے بڑھتے ہوئے رجحان کے پیش نظر تمام شہریوں کو مکمل طور پر محتاط رہنے کی سخت ہدایت کی ہے۔

حکام کا واضح کرنا ہے کہ اٹلی جانے کیلئے صرف اور صرف قانونی راستہ اختیار کیا جانا چاہیے کیونکہ غیر قانونی طریقے سے یورپ میں داخل ہونے کی کوششیں مستقبل میں سنگین قانونی اور ذاتی مشکلات کا سبب بن سکتی ہیں۔

سخت قوانین، سمندری راستوں کے خطرات اور انسانی اسمگلرز:

حکام کے مطابق گزشتہ چند برسوں کے دوران اٹلی میں غیر قانونی امیگریشن کے خلاف قوانین اور سکیورٹی اقدامات کو انتہائی سخت کر دیا گیا ہے، جبکہ 2026ء کے دوران بھی غیر قانونی طور پر ملک میں پہنچنے والے افراد کی قانونی حیثیت اور واپسی کے حوالے سے سخت اقدامات جاری ہیں۔ غیر قانونی طور پر داخل ہونے والے افراد کو نہ صرف گرفتاری اور ملک بدری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے بلکہ خاص طور پر سمندری راستے سے اٹلی پہنچنے کی کوشش انتہائی خطرناک ثابت ہوتی ہے جس میں انسانی جانوں کے ضائع ہونے کے خدشات بھی ہر وقت موجود رہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کینیڈا میں اعلیٰ تعلیم کے خواہشمند طلباء کیلئے بڑی خوشخبری، 2ہفتوں میں ویزہ ملے گا

اس کے علاوہ بیورو نے شہریوں کو انسانی اسمگلروں اور فریب دینے والے غیر قانونی ایجنٹوں سے بھی ہوشیار رہنے کا مشورہ دیا ہے جو بیرون ملک ملازمت اور بہتر مستقبل کا جھانسہ دے کر لوگوں سے بھاری رقوم بٹورتے ہیں۔ ایسے عناصر کے زبانی دعوؤں پر یقین کرنے کے بجائے ویزا، ملازمت اور ایجنٹ کی قانونی حیثیت کی تصدیق سرکاری ذرائع سے کرنا انتہائی ضروری ہے۔

قانونی طریقہ کار اور ورک ویزا کی شرط:

اٹلی میں روزگار کی غرض سے جانے کے خواہش مند پاکستانی شہریوں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ باقاعدہ جاب آفر، متعلقہ ورک ویزا اور تمام ضروری اجازت نامے حاصل کرنے کے بعد ہی سفر کریں۔ تمام امیگریشن شرائط اور قانونی دستاویزات کی تکمیل کے بغیر سفر کرنا خط مول لینے کے مترادف ہے، اس لیے شہریوں کو کسی بھی فوری یا مشکوک ویزے کے دعوے میں آئے بغیر محفوظ اور قانونی طریقہ اپنانے کی تلقین کی گئی ہے۔