کراچی ایئرپورٹ پر بیرونِ ملک سفر کرنے والے مسافروں کے لیے پولیو، گردن توڑ بخار، یلو فیور اور انفلوئنزا ویکسی نیشن سینٹر نے باضابطہ طور پر کام شروع کر دیا ہے تاکہ تمام مسافروں کی صحت کو یقینی بنایا جا سکے۔
بارڈر ہیلتھ سروسز پاکستان کے فوکل پرسن ڈاکٹر مرتضیٰ شاہ بخاری کے مطابق چودہ ستمبر کے بعد نادرا کے جاری کردہ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر کسی بھی مسافر کے لیے سفر کرنا بالکل ناممکن ہو جائے گا۔
ویکسی نیشن کی مجاز جگہیں اور لازمی شرائط:
انہوں نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ ویکسی نیشن کے لیے فیڈرل گورنمنٹ سول ڈسپنسری واحد مجاز مرکز ہے جبکہ مخصوص ممالک سے سفر کرنے والے تمام مسافروں، عمرہ زائرین اور عازمینِ حج کے لیے یہ ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق اس نئی پابندی کا فوری اطلاق فی الحال کراچی سے سفر کرنے والے مسافروں پر ہو گا جس کے بعد اسے مرحلہ وار پشاور، اسلام آباد اور لاہور کے مسافروں پر بھی نافذ کر دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پرائیویٹ عازمین حج کی رجسٹریشن اور بکنگ20 نومبر تک جاری رہے گی
ٹرانزٹ کے ضوابط اور ایئرپورٹ پر انتظامات:
فوکل پرسن نے ہدایت کی ہے کہ عمرہ زائرین روانگی سے قبل لازمی طور پر مجاز نادرا ویکسی نیشن سینٹر سے سرٹیفکیٹ حاصل کریں جبکہ افریقہ، وسطی اور جنوبی امریکا سے آنے والوں کے لیے یلو فیور کی ویکسی نیشن لازمی ہے۔
اس کے علاوہ افریقہ، وسطی اور جنوبی امریکا میں دس گھنٹے یا اس سے زائد ٹرانزٹ کرنے والے مسافروں کے لیے بھی ویکسی نیشن ضروری ہوگی اور ایک سال یا اس سے زائد عمر کے مسافروں کو پاکستان میں داخلے کے وقت سرٹیفکیٹ دکھانا ہوگا۔
فیس کی ادائیگی اور مسافروں کے لیے ہدایات:
حکام کا کہنا ہے کہ جن مسافروں کے پاس اس وقت سرٹیفکیٹ موجود نہیں ہے وہ اپنی پرواز سے کم از کم چھ گھنٹے قبل ایئرپورٹ پہنچ جائیں جہاں روانگی کے حصے میں خصوصی ہیلتھ کاؤنٹرز قائم کیے جا رہے ہیں۔
تمام ائیرلائنز کے اسٹیشن منیجرز اور ٹریول ایجنٹس کو بھی اس بارے میں باضابطہ آگاہی کے نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں جبکہ اتوار کے روز بھی کراچی ایئرپورٹ کے سینٹر میں زائرین کا شدید رش دیکھا گیا۔




