پشاور: شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سکیورٹی فورسز کی کے پی کے اور بلوچستان میں کارروائیاں، 18 خوارج ہلاک
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں فتنۃ الخوارج کے خلاف کارروائیاں کی گئیں، جن کے دوران مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔ آپریشن کے دوران فتنۃ الخوارج کے متعدد ٹھکانوں کو بھی تباہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا میں عزمِ استحکام ویژن کے تحت فتنۃ الخوارج کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں جن کا مقصد دہشت گردی کے خطرات کا خاتمہ اور امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانا ہے۔
شمالی وزیرستان میں کارروائی کے دوران 7 دہشت گردوں کی ہلاکت پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشت گردوں کے غیر ملکی سرپرستوں اور ان کے مقامی سہولت کاروں کی سازشوں کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی سکیورٹی فورسز کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ قوم دہشت گردی خاتمے کیلئے اپنی بہاد سکیورٹی فورسز کیساتھ کھڑی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خوارجیوں کو کسی بھی جگہ چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:شمالی وزیرستان: سکیورٹی فورسز کا کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 7 دہشت گرد ہلاک
حکام اور سیاسی رہنماؤں نے دہشت گردی کیخلاف جاری کارروائیوں میں سکیورٹی فورسز کی قربانیوں اور کوششوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک میں امن و استحکام کے قیام کیلئے دہشت گردی کے خلاف اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔




