آزاد جموں و کشمیر کونسل کے نو منتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا،وزیراعظم شہبازشریف کی شرکت

اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل) آزاد جموں و کشمیر کونسل کے نو منتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا۔

تقریب حلف برداری میں وزیراعظم پاکستان و چیئرمین کشمیر کونسل شہباز شریف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور نو منتخب ارکان سے حلف لیا۔

تقریب میں صدر آزاد کشمیر نجیب نقی، وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی اور وفاقی کابینہ کے ارکان سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

حلف اٹھانے والے ارکان میں چوہدری لطیف اکبر، مشتاق منہاس، چوہدری سعید اور چوہدری منظور شامل ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:کوٹلی: مسلح جتھے کیخلاف کارروائی، 8 شرپسند گرفتار، دستی بم، بھاری اسلحہ برآمد، پولیس حکام

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے نو منتخب ارکان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے وہ کونسل ممبران کی حیثیت سے آزاد کشمیر کے بہترین مفاد میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے وفاق اور ریاست کو مل کر کاوشیں کرنا ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر ریاستی تعمیر و ترقی کے لیے اپنا آئینی کردار بھرپور طریقے سے ادا کریں، جبکہ وفاق آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے وسائل فراہم کرے گا۔

وزیراعظم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان نے تاریخی کردار ادا کیا، جس پر انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

شہباز شریف نے آزاد کشمیر میں حالیہ مہینوں کے دوران پیش آنے والے واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان افسوسناک واقعات پر دلی دکھ ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:میرپور میں کشمیر پریمیئر لیگ کے زیر اہتمام فٹبال ٹورنامنٹ 2026 کا اعلان، مختلف علاقوں کی ٹیمیں شرکت کریں گی

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر اسمبلی اب وجود میں آچکی ہے، اسمبلی جو بھی قانون منظور کرے گی، اس کا احترام کیا جائے گا۔ عوامی مسائل کو باہمی تعاون اور مشاورت کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔

وزیراعظم نے کہا کہ خارجی اشاروں پر پاکستان اور آزاد کشمیر کے کاز کے خلاف متحرک عناصر کے خلاف کارروائی کرنا ریاست کی ذمہ داری تھی۔

انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کونسل آزاد کشمیر اور وفاقی حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کرتی ہے۔ بطور وزیراعظم پاکستان وفاقی حکومت کی جانب سے آزاد کشمیر کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتا ہوں۔