پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے اسکواڈز کا اعلان، کیپٹن بھی تبدیل

 پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکا کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز اور پاکستان، انگلینڈ و سری لنکا کے درمیان ہونے والی ون ڈے ٹرائی سیریز کے لیے قومی اسکواڈز کا اعلان کردیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکا کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز اور پاکستان، انگلینڈ و سری لنکا کے درمیان ہونے والی ون ڈے ٹرائی سیریز کے لیے قومی اسکواڈز کا اعلان کردیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان نمائند گی سے محروم

سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں صاحبزادہ فرحان قومی ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ ون ڈے ٹرائی سیریز کے لیے شاہین شاہ آفریدی کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے۔

سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچز راولپنڈی میں ہوں گے

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا میچ 9 اکتوبر، دوسرا 11 اکتوبر جبکہ تیسرا ٹی ٹوئنٹی 13 اکتوبر کو ہوگا۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 15 رکنی قومی اسکواڈ میں کپتان صاحبزادہ فرحان کے علاوہ عبدالصمد، فخر زمان، عرفات منہاس، حسن نواز اور محمد عمران رندھاوا شامل ہیں۔

ابرار احمد سمیت 15 کھلاڑی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا حصہ
ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں عالمی نمبر ایک ٹی ٹوئنٹی بولر ابرار احمد کو بھی شامل کیا گیا ہے، جبکہ خواجہ نافع بطور وکٹ کیپر ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

معاذ صداقت، نسیم شاہ، رضا اللہ، صائم ایوب، محمد سلمان مرزا، شاداب خان اور سفیان مقیم بھی 15 رکنی اسکواڈ میں شامل ہیں۔

کرک انفو کے مطابق سلمان علی آغا کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی سے ہٹا دیا گیا ہے اور انہیں اسکواڈ سے بھی ڈراپ کردیا گیا ہے۔

ایشین گیمز کی قیادت کرنے والے صاحبزادہ فرحان کپتان مقرر

حال ہی میں ایشین گیمز میں پاکستان کو سلور میڈل دلوانے والی ٹیم کی قیادت کرنے والے صاحبزادہ فرحان کو سری لنکا کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے قومی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کے ساتھ سابق پاکستانی بولنگ کوچ شان ٹیٹ کی بھی قومی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ شان ٹیٹ اس سے قبل فروری 2022 سے ایک سال تک پاکستان کے بولنگ کوچ کی ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔

ون ڈے ٹرائی سیریز میں بابر اعظم بھی شامل
پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان 7 میچز پر مشتمل ون ڈے ٹرائی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔ سیریز کے ابتدائی تین میچز راولپنڈی میں ہوں گے جبکہ باقی لیگ میچز اور فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا۔

16 رکنی ون ڈے اسکواڈ کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کریں گے۔ اسکواڈ میں ابرار احمد، سلمان علی آغا، عرفات منہاس اور سابق کپتان بابر اعظم بھی شامل ہیں۔

فہیم اشرف، فخر زمان، محمد غازی غوری، حارث رؤف، حسن نواز، نسیم شاہ، رضا اللہ اور سعد بیگ کو بھی ون ڈے اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

صائم ایوب، شاداب خان اور سفیان مقیم بھی 16 رکنی ون ڈے اسکواڈ میں شامل ہیں۔

قومی ٹیم کی مینجمنٹ میں بھی اہم تبدیلیاں
قومی ٹیم کی مینجمنٹ میں مائیک ہیسن کو ہیڈ کوچ جبکہ سابق پاکستانی بولنگ کوچ شان ٹیٹ کو بولنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ مائیکل سمتھ بیٹنگ کوچ اور منصور امجد فیلڈنگ کوچ کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔

نوید اکرم چیمہ ٹیم کے منیجر ہوں گے۔ راولپنڈی میں ہونے والے میچز کے لیے شفقت شبیر جبکہ لاہور میں ہونے والے میچز کے لیے سید نذیر احمد کو میڈیا منیجر مقرر کیا گیا ہے۔

ٹیم کے سیکیورٹی منیجر کی ذمہ داری کرنل عثمان انواری کو سونپی گئی ہے جبکہ ڈاکٹر واجد علی رفاعی ٹیم ڈاکٹر ہوں گے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سری لنکا کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز، صاحبزادہ فرحان کپتان برقرار

سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز اور اس کے بعد ہونے والی ون ڈے ٹرائی سیریز قومی ٹیم کیلئے اہم ہوں گی، جہاں کھلاڑیوں کو مختصر اور ایک روزہ فارمیٹ میں اپنی کارکردگی بہتر بنانے کا موقع ملے گا۔