کالعدم ایکشن کمیٹی کے شرپسندوں کی فائرنگ، کانسٹیبل زخمی،سرچ آپریشن شروع

کوٹلی (کشمیر ڈیجیٹل) کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی احتجاجی کال کے تناظر میں مختلف مقامات پر سڑکیں اور راستے بند کرنے کی کوششوں کے دوران پولیس پارٹی پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک کانسٹیبل شدید زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق احتجاج کے دوران مبینہ طور پر بعض افراد نے مختلف مقامات پر سڑکیں بلاک کرکے ٹریفک کی روانی متاثر کی۔

میرپور پولیس کی جانب سے کوٹلی روڈ کلیئر کرانے اور ٹریفک بحال کرنے کے لیے کارروائی کی گئی تو مبینہ طور پر بعض افراد نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وادیٔ لیپا: شادی بیاہ کی قدیم روایات آج بھی برقرار، سادگی اور ثقافت کا حسین امتزاج

فائرنگ کے نتیجے میں کانسٹیبل عبدالرؤف کے سینے میں گولی لگی، جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے۔ انہیں فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال میرپور منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ پولیس کے مطابق زخمی کانسٹیبل کی حالت تشویشناک ہے۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی مختلف ٹیموں کو علاقے میں سرچ آپریشن پر مامور کردیا گیا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:فسادی جتھے کے پُرامن ہونے کا دعویٰ جھوٹا ثابت، کوٹلی میں فائرنگ سے پولیس اہلکار شدید زخمی

پولیس حکام نے کہا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے، عوام کی آمدورفت میں رکاوٹ ڈالنے اور ریاستی اداروں پر حملے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ حکام کے مطابق شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، ریاستی رٹ اور امن و امان کے قیام کیلئے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ضلع کوٹلی میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے پولیس مکمل طور پر الرٹ ہے۔